بین ریاستی خبریں

حمیدیہ اسپتال آتشزدگی معاملہ: اعلیٰ سطحی تحقیقات ہوں گی، قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا: وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ

 بھوپال ،9نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ حمیدیہ ا سپتال حادثہ کی اعلیٰ سطحی انکوائری کرائی جائے گی۔ اس بات کی جانچ کی جائے گی کہ کیا اس وقت فائر ہائیڈرنٹ اور آگ بجھانے والے کام کر رہے تھے یا نہیں۔ اس سلسلے میں جو بھی قصوروار ہوگا اس کیخلاف کارروائی ہوگی، قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا۔

کملا نہرو گیس ریلیف ہسپتال حمیدیہ کیمپس میں واقع ہے۔ اس میں پیر کی رات تقریباً 9 بجے آگ لگ گئی تھی۔ اسپتال کی تیسری منزل پر واقع چائلڈ وارڈ کے ایس این سی یو میں 40 بچے داخل تھے، جہاں آ تشزدگی سے سب سے زیادہ نقصان ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا ،اورپیڈیا ٹرک وینٹی لیٹر میں آگ لگ گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 7 بچوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے لائی گئی ہیں۔ تاہم حکومتی اعداد و شمار کے مطابق چار بچے فوت ہوئے ہیں ، جبکہ ایک درجن سے زائد نومولود جھلس گئے ہیں۔ ان میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس واقعہ سے واضح ہو گیا ہے کہ فائر سیفٹی کا آڈٹ بہت ضروری ہے۔ نہ صرف سرکاری بلکہ پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھی فائر سیفٹی کے حوالے سے سختی برتی جائے گی۔قبل ازیں میڈیکل ایجوکیشن کے وزیر وشواس سارنگ نے منگل کی صبح اسپتال کا دورہ کیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ 36 بچوں کا علاج چل رہا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ 4 خاندانوں کو اندر جانے اور بچوں سے ملنے کی اجازت دی جارہی ہے۔ اس سے قبل حادثہ کی تحقیقات کرنے والے ایڈیشنل چیف سیکریٹری محمد سلیمان اسپتال پہنچے تھے، ڈین بھی اس کے ساتھ تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button