سرورقفلمی دنیا

ہانیہ عامر ایک بار پھر ٹی وی اسکرین پر، نئے ڈرامے ’’فنا‘‘ کی تیاریاں مکمل

’’میری زندگی ہے تو‘‘ کے بعد ہانیہ عامر کا نیا ڈرامہ ’’فنا‘‘

اسلام آباد 02 جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے مقبول ڈرامے ’’میری زندگی ہے تو‘‘ کے اختتام کے بعد شائقین بے صبری سے ان کے اگلے منصوبے کا انتظار کر رہے تھے۔ اب ان کے نئے ڈرامے سے متعلق اہم معلومات سامنے آگئی ہیں جس نے مداحوں کے درمیان جوش و خروش بڑھا دیا ہے۔

ڈرامے کے اختتام کے فوراً بعد ہانیہ عامر اور بلال عباس خان کے ایک نئے منصوبے میں ایک ساتھ نظر آنے کی خبریں گردش کر رہی تھیں، تاہم اس بارے میں کسی قسم کا باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا تھا۔

تازہ اطلاعات کے مطابق ہانیہ عامر اس ہفتے کے اختتام پر ایک نئے ڈراما سلسلے کی شوٹنگ شروع کرنے والی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس منصوبے کی ہدایت کاری بدر محمود کریں گے، جنہیں اپنے کامیاب ڈراموں کی وجہ سے خاصی شہرت حاصل ہے۔ یہ ڈراما جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق ڈرامے کی کہانی معروف مصنفہ زنجبیل عاصم شاہ نے تحریر کی ہے۔ اگرچہ ڈرامے کے نام کا باضابطہ اعلان ابھی نہیں کیا گیا، تاہم عارضی طور پر اس کا عنوان ’’فنا‘‘ بتایا جا رہا ہے۔

ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ ہانیہ عامر کے مقابل مرکزی مرد کردار کے لیے بلال عباس خان سے بات چیت جاری تھی، لیکن ذرائع کے مطابق معاملات طے نہ ہونے کے باعث اب کسی دوسرے اداکار کی تلاش کی جا رہی ہے۔

مرکزی مرد کردار ادا کرنے والے فنکار کے نام کا اعلان جلد متوقع ہے۔ ڈرامے کی مکمل کاسٹ، کہانی اور نشر ہونے کی حتمی تاریخ سے متعلق مزید تفصیلات کا شائقین انتظار کر رہے ہیں۔

ہانیہ عامر کی کامیاب واپسی کے امکانات نے مداحوں میں خاصا تجسس پیدا کر دیا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ ’’فنا‘‘ رواں سال کے نمایاں پاکستانی ڈراموں میں شامل ہو سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button