72 گھنٹے کے کروائی گئی منفی رپورٹ مسترد ، ایرپورٹ پر ٹسٹ کی شرط
حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)شمس آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے بیرونی ممالک کے لئے روانہ ہونے والے مسافرین کو کورونا وائرس معائنہ کے نام پر جاری ہراسانی کے سبب مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نئے قوانین کے مطابق 72 گھنٹے کے اندر کروائی جانے والی کورونا وائرس کی منفی رپورٹ بیرونی سفر کے لئے قابل قبول ہوگی لیکن اس کے باوجود بھی مختلف ممالک کے لئے روانہ ہونے والے مسافرین کو شمس آباد ائیر پورٹ پر کورونا وائرس کا معائنہ کروانے کے لئے مجبور کیا جا رہاہے جس کی وجہ سے کئی مسافرین انتہائی مشکل حالات سے گذررہے ہیں۔
چند ماہ قبل بیرونی سفر کرنے والے مسافرین نے ائیر پور ٹ پر کورونا وائرس معائنہ کے نام پر وصول کئے جانے والی بھاری قیمتوں پر اعتراض کیا تھا اس وقت مسافرین سے 4500 روپئے وصول کئے جا رہے تھے مسافرین کی جانب سے کئے جانے والے اعتراضات پر ان میں کمی لاتے ہوئے اسے 2900 روپئے کیا گیا لیکن اس کے باوجود شہر حیدرآباد سے روانہ ہونے والے مسافرین کو غیر ضروری معائنہ ائیر پورٹ پر کروانا پڑرہا ہے جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں اس طرح کا کوئی لزوم نہیں ہے۔
مسافرین اپنے سفر سے قبل جو کورونا وائرس کا معائنہ کروا رہے ہیں ان کے معائنہ کی رپورٹ صرف ائیر پورٹ میں داخلہ کے کام آرہی ہے جبکہ ہوائی جہاز میں سوار ہونے کے لئے ائیر پورٹ پر کورونا وائرس کا لازمی معائنہ کروایا جانے لگا ہے جو کہ مرکزی حکومت کے رہنمایانہ خطوط کے خلاف ہے۔
ائیر پورٹ پر معائنہ کرنے والی ایجنسی میاپ مائی جینوم کے ذمہ داروں کا کہناہے کہ انہیں جو اجازت فراہم کی گئی ہے وہ اس کے مطابق معائنہ کر رہے ہیں اور مختلف ممالک کے مختلف قواعد کے سبب مسافرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ائیر پورٹ کے ذمہ داروں کا کہناہے کہ دبئی اور برطانیہ روانہ ہونے والے مسافرین کے لئے موجود شرائط کے مطابق ان کا ہوائی جہاز میں سوار ہونے سے قبل معائنہ کیا جانا لازمی ہے اور جو لوگ دبئی اور برطانیہ کے ذریعہ دیگر ممالک کے لئے روانہ ہورہے ہیں انہیں بھی ان شرائط کے مطابق اپنا معائنہ کروانے کے بعد ہی سفر کی اجازت دی جا رہی ہے ۔
حیدرآباد سے روانہ ہونے والے مسافرین کے مطابق جن ممالک میں اندرون 72 گھنٹے کروائی گئی رپورٹس بھی قابل قبول ہیں ان ممالک کے سفر کرنے والے مسافرین کوبھی لازمی طور پر ائیر پورٹ پر موجود معائنہ کے مرکز کے ذریعہ کورونا وائرس کا ٹسٹ کروایا جا رہاہے جس کے سبب وقت اور پیسہ دونوں ہی ضائع ہورہے ہیں جو لوگ ائیر پورٹ پر معائنہ کی شرط کو نظر میں رکھتے ہوئے معائنہ کروائے بغیر ائیرپورٹ پہنچ رہے ہیں انہیں بغیر منفی رپورٹ کے ائیر پورٹ میں داخل ہونے نہیں دیا جا رہاہے جس کے سبب مسافرین کو ایک سے زائد مرتبہ غیر ضروری معائنہ کروانے پر مجبور ہونا پڑرہا ہے۔



