
11 سالہ بچی کے ساتھ کلاس روم میں ہیڈ ماسٹر کی جنسی زیادتی ،ملزم ٹیچر گرفتار
جھن جھنوں، 16اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)یوں تو جنسی زیادتی کے لرزہ خیز داستان آئے دن سماعت سے ٹکراتی ہے ، لیکن راجستھان کے جھن جھنو کے سنگھانہ تھانہ علاقہ میں واقع ایک سرکاری اسکول میں ایسا شرمناک واقعہ پیش آیا ، جس سے شرم سے گردنیں جھک جاتی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ سکول کے کلاس روم میں ہیڈ ماسٹر نے ساتویں جماعت میں پڑھنے والی 11 سالہ لڑکی سے جنسی زیادتی کا ارتکاب کیا ہے ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سنگھانہ پولیس نے ریپ کے ملزم ہیڈ ماسٹر کو گرفتار کرلیا ہے۔متأثرہ لڑکی نے چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کو اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں سے آگاہ کیا۔
لڑکی نے ویلفیئر کمیٹی کو فون کرکے بتایا کہ اسکول کے ہیڈ ماسٹر نے کلاس میں میرے ساتھ جنسی زیادتی کی ہے۔ کمیٹی کی اطلاع پر سنگھانہ پولیس نے اسے فوری طور پرکاروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔سنگھانہ پولیس اسٹیشن کے افسر بھجن ر ام نے بتایا کہ یہ واقعہ 5 اکتوبر کو پیش آیاتھا۔
ہیڈ ماسٹر نے علاقہ کے ایک سرکاری سکول کی 7ویں کلاس کی11سالہ طالبہ کو کلاس روم میں ہی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ ملزم ہیڈ ماسٹر نے لڑکی کو دھمکی دی تھی کہ اگر لڑکی نے زیادتی کے بارے میں کسی کو بتایا ،تو وہ (ملزم )اُسے (متأثرہ کو)جان سے مار دے گا۔ پولیس نے پوکسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے، اس سلسلے میں ملزم سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
لڑکی کے مطابق 5 اکتوبر کے واقعہ کے بعد لڑکی بہت پریشان تھی۔متأثرہ لڑکی نے اپنے گھر والوں کو اس بارے میں کچھ نہیں بتایا۔ جمعہ کو مطالعہ کے دوران لڑکی کی نظر کتاب کے پچھلے حصے پر پڑی ، جس پر چائلڈ ہیلپ لائن نمبردرج تھا ۔
لڑکی نے آناً فاناً چائلڈ ہیلپ لائن پر کال کرکے پورے واقعہ سے آگاہ کیا ۔ اس کے بعد چائلڈ ہیلپ لائن نے چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کی چیئرپرسن ارچنا چوہدری کو اس واقعہ سے آگاہ کیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کی ٹیم نے لڑکی سے ملاقات کی اور لڑکی سے پورے واقعہ کی بابت دریافت کیا۔ اس کے بعد چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کی صدر ارچنا چوہدری نے اس معاملے کے بارے میں جھن جھنو کے ایس پی منیش ترپاٹھی کو مطلع کرکے کارروائی کیلئے کہا ۔
جھن جھنوں ایس پی نے فوراً سنگھانہ پولیس اسٹیشن کو حکم دیا کہ وہ اس معاملہ میں فوری کاروائی کرکے ملزم کو گرفتار کرے ، بعدازاں سنگھانہ پولیس حرکت میں آتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے ۔



