افادیت خشخاش کے دانے-امۃ المعیز فرزانہ افضل بنگلور
کیا آپ نے کبھی خشخاش کے دانے کھائے ہیں؟
کیا آپ نے کبھی خشخاش کے دانے کھائے ہیں؟ اگر نہیں تو آپ اس عام دستیاب چیز سے حاصل ہونے والے متعدد فوائد سے خود کو محروم کررہے ہیں۔جی ہاں آپ کو یقینا ان دانوں کے فوائد معلوم نہیں ہوں گے۔یہ بیج متعدد ممالک میں استعمال کیے جاتے ہیں اور ہرجگہ عام ملتے ہیں جبکہ ان کا تیل بھی نکالا جاتا ہے۔اس کی مختلف اقسام ہیں سفید اور گہرے رنگت والے بیج، جن کے فوائد درج ذیل ہیں۔
ہاضمہ کا علاج
خشخاش کے بیج فائبر کے حصول میں مدد دیتے ہیں جس سے نظام ہاضمہ بہتر ہوتا ہے، یہ قبض کے خلاف مفید ثابت ہوسکتے ہیں کیونکہ فائبر آنتوں کے افعال کو درست کرنے میں مدد دینے والا جز ہے۔
بے خوابی کا علاج
ایک تحقیق کے مطابق خشخاش کے بیجوں کا مشروب جسم میں تناؤ کا باعث بننے والے ہارمون کورٹیسول کی سطح کم کرتا ہے جس سے جسم کو سکون ملتا ہے، اس کے علاوہ اس میں موجود اجزا بھی اچھی نیند کے حصول میں مدد دیتے ہیں، بچوں کو اس کا استعمال معالج کے مشورے کے بغیر نہ کرائیں۔ سونے سے قبل خشخاش کی چائے بنانا لیٹتے ہی نیند میں مدد دے سکتا ہے، اس مقصد کے لیے ان بیجوں کو پیس کر پیسٹ بنالیں اور اسے گرم دودھ میں مکس کرلیں، سونے سے قبل اس کا ایک کپ پی لیں۔
منہ کے چھالوں کا علاج
خشخاش منہ کے چھالوں اور زخموں کے علاج میں بھی مدد دے سکتا ہے، یہ بیج جسم کو ٹھنڈک پہنچاتے ہیں اور اسی وجہ سے منہ کے چھالوں سے نجات میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، اس مقصد کے لیے پسا ہوا کھوپرا، شوگر کینڈی پاؤڈر اور خشخاش کو پیس کر مکس کریں اور اسے پھانک لیں۔
توانائی کیلئے
اس میں موجود پیچیدہ کاربوہائیڈریٹس کی بہت زیادہ مقدار جسمانی توانائی کو بڑھانے میں مدد دیتی ہیں، یہ بیج کیلشیئم کو جذب کرنے میں بھی مدد دیتے ہیں جو جسم میں مداخلت کرکے تھکاوٹ کا باعث بنتی ہے۔
دماغی صحت میں مفید
دماغ کو اپنے افعال کے لیے مختلف اجزا جیسے کیلشیئم، آئرن اور کاپر وغیرہ کی ضرورت ہوتی ہے اور خشخاش کے بیج ان سے بھرپور ہوتے ہیں، جن سے دماغی افعال میں بہتری آتی ہے۔
ہڈیوں کی مضبوطی
یہ بیج کیلشیئم اور کاپر سے بھرپور ہوتے ہیں جو کہ ہڈیوں کی صحت بہتر بنانے کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔ خشخاش میں موجود فاسفورس کیلشیئم کے ساتھ ملکر ہڈیوں کے ٹشوز کو بہتر کرتا ہے جبکہ مینگنیز سے جسم میں کولیگن بنتا ہے جو کہ ہڈیوں کو شدید نقصان سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔
ذیابیطس کے مفید
یہ بیج فائبر سے بھرپور ہوتے ہیں تو ذیابیطس کے شکار افراد کی غذا میں ان کا اضافہ فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے، اس میں موجود اجزا ذیابیطس کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
بینائی بہتر کیلئے
ان بیجوں میں موجود زنک بینائی کو صحت مند رکھنے میں مدد دیتا ہے جبکہ عمر بڑھنے سے آنے والی کمزوری کی روک تھام کرتا ہے، اس کے علاوہ خشخاش میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس بھی آنکھوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔
پتھری میں مفید
خشخاش میں پوٹاشیم بھی ہوتا ہے اور یہ منرل گردوں کی پتھری سے بچانے بلکہ علاج میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ مگر طبی ماہرین کے مطابق ان بیجوں کا استعمال اعتدال میں کرنا چاہئے ورنہ ان میں موجود کیلیشئم کی زیادہ مقدار اکھٹی ہوکر گردوں کی پتھری کا خطرہ بڑھا سکتی ہے۔
جلد کو نکھارنے میں مفید
دو چائے کے چمچ خشخاش کو دہی میں مکس کریں، اس پیسٹ کو نرمی سے چہرے اور گردن پر رگڑیں اور یہ عمل 10 منٹ تک جاری رکھیں۔ اس کے بعد روئی سے چہرہ پونچھ کر دھولیں۔ اس سے جلد شفاف اور جگمگانے لگے گی۔



