محکمۂ صحت میں بڑے پیمانے پر تقررات، اُگادی تک جدید ٹمس ہاسپٹل عوام کے لیے تیار
کانگریس حکومت تعلیم اور صحت کو اولین ترجیح دے رہی ہے
حیدرآباد۔13/جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) ریاستی وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے اعلان کیا ہے کہ محکمۂ صحت میں آئندہ چند دنوں کے دوران مزید 10 ہزار مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لیے حکمت عملی کو آخری شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کے دو سالہ دورِ اقتدار میں اب تک 10 ہزار جائیدادوں پر تقررات عمل میں آ چکے ہیں، جو صحت کے شعبے میں ایک بڑی پیش رفت ہے۔
کوٹھی میڈیکل کالج کے احاطے میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران 1257 لیاب ٹیکنیشن گریڈ۔2 کے منتخب امیدواروں میں تقرراتی احکامات حوالے کیے گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ بیماریوں کی درست اور بروقت تشخیص میں لیاب ٹیکنیشن کا کردار نہایت اہم ہوتا ہے، اسی لیے حکومت اس شعبے کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس حکومت تعلیم اور صحت کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور ان دونوں شعبوں میں تمام مخلوعہ جائیدادوں کو پُر کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ وزیر صحت کے مطابق شہر حیدرآباد میں 145 پالی کلینکس قائم کرنے کا منصوبہ ہے، جبکہ ہر 35 سے 40 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک ٹراما کیئر کلینک بھی قائم کیا جائے گا۔
بعد ازاں وزیر صحت نے صنعت نگر میں زیر تعمیر ٹمس ہاسپٹل کا معائنہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ جدید سہولتوں سے آراستہ اسپتال آئندہ اُگادی تک عوام کے لیے دستیاب ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہاسپٹل کی عمارت تقریباً مکمل ہو چکی ہے اور صرف معمولی برقی کام باقی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپریشن تھیٹرس، تشخیصی شعبہ اور جدید طبی آلات کی تنصیب آخری مراحل میں ہے، جبکہ ایم آر آئی جیسے بھاری اور جدید آلات کی فٹنگ بھی مکمل کر لی گئی ہے۔ ہزار بستروں پر مشتمل اس ہاسپٹل میں عوام کو تمام اہم اور جدید طبی سہولتیں ایک ہی چھت کے نیچے فراہم کی جائیں گی۔
ریاستی وزیر صحت نے اس موقع پر کہا کہ کانگریس حکومت نعروں کے بجائے عملی کام پر یقین رکھتی ہے اور عوام کو معیاری، سستی اور بروقت طبی سہولتیں فراہم کرنا ہی اس کی اصل ترجیح ہے۔



