حیدرآباد۔:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سرکاری اسکیمات سے فائدہ اٹھانے کیلئے دھوکہ دہی کے معاملات کوئی نئی بات نہیں لیکن اگر کوئی صحتمند شخص خود کو معذور قراردیتے ہوئے سرٹیفکیٹ حاصل کرے تو یہ دھوکہ دہی کا عروج تصور ہوگا۔ معذورین کیلئے حکومت کی سہولتوں اور پنشن کو دھوکہ کے ساتھ حاصل کرنے کیلئے کریم نگر ضلع میں جعلی معذورین سرٹیفکٹ کا ریاکٹ سرگرم ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ سرکاری عہدیداروں سے ملی بھگت کے ذریعہ گزشتہ ایک عرصہ سے بوگس سرٹیفکیٹس کی اجرائی کا سلسلہ جاری ہے اور ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرس کے نام پر جزوی یا مکمل معذور ہونے کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا جارہا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں ایک ریٹائرڈ پولیس عہدیدار اور اس کی بیوی بھی شامل ہے جنہوں نے مکمل طور پر معذور ہونے کا سرٹیفکیٹ حاصل کرلیا۔
بیوی نے نابینا ہونے اور شوہر نے پیر سے معذور ہونے کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا۔ یہ شخص اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے عہدہ سے ریٹائرڈ ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈسٹرکٹ رورل ڈیولپمنٹ آفیسر اور سرکاری دواخانہ کے عملے کی ملی بھگت سے یہ کام چل رہا ہے۔
بوگس سرٹیفکیٹ کیلئے 40 ہزار تا ایک لاکھ روپئے وصول کئے جارہے ہیں جس کے تحت پنشن اور آرٹی سی و ریلوے میں سفر کے پاسیس، قرض کے حصول میں رعایت اور دیگر سبسیڈی حاصل کی جارہی ہے۔



