
ممبئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)گزشتہ جمعرات کے روز ممبئی اور اس کے آس پاس کے علاقوں سے خوفناک تصاویر سامنے آئیں۔ جیسے ہی جنوب مغربی مانسون پہنچا ، پوری ممبئی پانی پانی ہوگئی ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتوں میں مزید بارش کی وارننگ دی ہے۔ محکمہ نے ممبئی کے پڑوسی اضلاع کے تھانہ ، پال گھر اور رائے گڑھ اضلاع میں بھی بھاری سے انتہائی موسلا دھار بارش کے ’ریڈ الرٹ‘ جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ ممبئی میں بھی اونچی لہر کے تئیں خبردار کیا گیا ہے۔
اس بار جنوب مغربی مانسون وقت سے دو دن پہلے ممبئی آپہنچا ہے۔ گزشتہ سال مون سون 14 جون کوآیا تھا۔ ممبئی کو کس طرح بارش کا سامنا کرنا پڑا اس کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جاسکتا ہے کہ جمعرات کو صبح 8:30 سے شام 5:30 بجے کے درمیان 221 ملی لیٹر بارش ہوئی۔ ممبئی میں جون کے مہینے میں اب تک 426 ملی لیٹر بارش ہوئی ہے، جبکہ عام طور پر یہاں 89 ملی میٹر بارش ہوتی ہے۔محکمہ کے مطابق ممبئی اور اس کے مضافاتی علاقوں میں گیارہ سے پندرہ جون کے درمیانی سے بھاری اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
ممبئی ، نوی ممبئی ، تھانہ ، کلیان ، پال گھر اور علی باغ میں سیلاب کابھی ممکنہ خطرہ ہے۔ممبئی کے متعتلق کہا جاتاہے کہ اس بار مونسون کے دوران 18 دن تیز لہر کا امکان ہے۔ اس دوران سمندر میں لہروں کی اونچائی 10 میٹر تک جاسکتی ہے۔ ان میں سے 6 دن صرف جون کے ہی ہیں ۔
دریں اثنا شدید بارش نے ممبئی کے متعدد حصوں کو غرق کردیا ہے ، ٹریفک پولیس کو چار سب وے بند رکھنے پر مجبور ہونا پڑا ہے ، جبکہ متعدد ڈرائیور اپنی گاڑیاں سڑکوں پر چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔



