شملہ،24؍ ستمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ہماچل پردیش میں شدید بارشوں کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہو گئی ہے۔ ریاست میں شدید بارشوں کی وجہ سے کم از کم 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ معلومات ہماچل پردیش ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے جاری کی ہیں۔ ہماچل پردیش ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں گزشتہ 130 دنوں میں بارش کی وجہ سے 432 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ایچ پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں شدید بارشوں کی وجہ سے قدرتی آفات اور سڑک حادثات کی وجہ سے 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
نیز شدید بارشوں کی وجہ سے 15 سے زائد مکانات منہدم ہو گئے ہیں ، جس میں نو گئوشالہ بھی شامل ہیں،شدید بارش کی وجہ سے ریاست میں 123 سڑکیں بند کردی گئی ہیں۔ریاست میں شدید بارشوں کی وجہ سے 1108 کروڑ روپئے کی املاک کو نقصان پہنچا ہے ، جس میں سے 745 کروڑ کا زراعت اور باغبانی کے شعبے میں نقصان ہوا ہے۔
یہ معلومات ایچ پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ اعداد و شمار میں دی گئی ہے۔ ایچ پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 12 افراد کا سراغ نہیں ملا۔ نیز گزشتہ 130 دنوں میں 857 مکانات اور تقریبا 700 گئوشالے منہدم ہوئے ہیں۔



