سرورقصحت اور سائنس کی دنیا

بواسیر بھگندر اور ماسور اسباب و علاج ✍️حکیم ڈاکٹرمحمد فاروق اعظم,رحیمی شفا خانہ بنگلور

بواسیر کا علاج: اسباب، علامات اور گھریلو و یونانی نسخے جو فوراً آرام دیں

پاخانہ کے راستہ کے کناروں پر جو زیادتی پیدا ہوجاتی ہے اس کو بواسیر کہتے ہیں یہ دوقسم کی ہوتی ہے ایک تو وہ جس میں خون اور زرد آب نکلے اس کو وامی کہتے ہیں دوسرے یہ کہ خون وغیرہ کچھ نہ نکلے اس کو عمیا کہتے ہیں یہ مرض غلیظ سوداوی سے پیدا ہوتا ہے اور کبھی خون کے ساتھ صفراء شامل ہونے سے بھی ہوتا ہے۔

علامات: بواسیر کی علامت یہ ہے کہ مقعد یعنی پاخانہ کے راستہ میں درد اور خارش ہوتی ہے اور جو خون آتا ہے وہ پیشاب کے ساتھ مختلط نہیں ہوتا بلکہ پیشاب سے پہلے یابعد پچکاری کی طرح یاقطرہ قطرہ ٹپکتا ہے اور ثقل کی زیادتی اور لذع کی کمی خون غلیظ کی دلیل ہے سوزش کی زیادتی صفراء کی نشانی ہے۔

علاج: جب تک خون غلیظ اور سیاہ نکلتا رہے اور ضعف کے آثار ظاہر نہ ہوں بند نہ کریں مگر جب ضعیف ہو تو حابسات کا استعمال کریں جو ادویہ نفث الدم ہیں مثلاً دہی وغیرہ مفید ہے۔ دوگرام رسوت مصفی میں ملاکر کھلانا خونی بواسیر میں بے حد مفید ہے اگر بواسیر کے مسے پھولے ہوں اور تکلیف دیں تو رسوت اور برگ نیم دوگرام گلاب کے عرق میں پیس کر لیپ کریں۔

مرہم سفید کافوری تسکین درد کے لئے نافع ہے۔ طبیعت کو نرم رکھیں، طحال اور جگر کی خرابی کی اصلاح کریں۔ اگر اس تدبیر سے فائدہ نہ ہو تو ان کو باہر لانے کی تدبیر کریں، یادواؤں سے ختم کرنے کی کوشش کریں۔

گولی: برگ پٹاری سبز 100 عدد، فلفل سیاہ 100 عدد، باریک پیس کر گولیاں بقدر نخود تیار کریں اور 3 گولی صبح اور 3 شام میں دیں۔

روغن کافور: یہ سکون درد بواسیر کے واسطے بہت مفید ہے۔ روغن بید انجیر ولایتی 20 گرام بے قلعی برتن میں ڈال کر آگ پر ڈھانک کر رکھ دیں جب خوب گرم ہوجائے تو ڈھکن اتار کر فوراً دوگرام کافور ڈالدیں اور ڈھکنا اوپر دے کر فوراً آگ سے اتار کر رکھ دیں برتن کو ذرا ہلادیں تاکہ کافور تیل میں حل ہوجائے ٹھنڈا ہونے کے روغن کافور تیار ہوجائے گا اس کو کسی صاف شیشی میں ڈال کر محفوظ رکھیں بوقت حاجت ہلکا گرم کرکے مسوں پر لگائیں۔

دوا: یہ قبض والی بواسیر کے لئے مفید ہے۔ مربہ ہلیلہ ایک عدد لے کر ورق نقرہ میں لپیٹ کر کھلائیں اور اوپر سے لعاب ریشہ خطمی تین گرام، شیرہ بادیان دوگرام، شربت بنفشہ 20 گرام، اسبغول کی بھوسی دوگرام استعمال کریں۔

حب نافع: بہت لوگوں کو اس سے فائدہ حاصل ہوا ہے۔ انبہ ہلدی کو پیس کر اس کے ہموزن موم ملاکر اس قدر کوٹیں کہ ہردو یکجاں ہوجائیں، بعد میں بقدر چنا گولیاں تیار کرلیں ایک گولی ہرروز صبح پانی سے کھلائیں ایک ہفتہ میں ان شاء اللہ افاقہ ہونا شروع ہوجائے گا۔

پرہیز: گرم اشیاء شراب خوری، سرخ مرچ، بینگن، ہر قسم کے گوشت مچھلی انڈا وغیرہ سے پرہیز کرائیں۔

کانچ نکلنا: جسمانی کمزوری، دائمی قبض، کثرت اسہال اور پیچش کی شکایت میں مبتلا رہنے سے یہ عارضہ ہوجاتا ہے بالخصوص بچوں کی یہ مرض زیادہ ہوتا ہے۔ اجابت کے وقت کانچ کا نکلنا دیرینہ شکایت ہوجانے پر زیادہ ہنسنے یاکھالینے سے بھی کانچ نکل آتا ہے بعض اوقات زخم ہوجاتا ہے جو رفع حاجت کے وقت تکلیف دہ ہوتا ہے۔

علاج: اگر ورم کے سبب سے ہو تو اس کی تدبیر یہ کریں کہ تخم خطمی 20 گرام، گل خطمی 20 گرام، تخم کتان 20 گرام، گل بنفشہ 20 گرام، پانی میں جوش دے کر بپھارہ دیں اور اسی پانی میں مریض کو بٹھلائیں۔

موم اور گل روغن ملیں تاکہ ورم دور ہوکر کانچ اندر چلی جائے بعدہ پوست بیول 10 گرام، پوست انار 10 گرام، مازو سبز 10 گرام، ریش برگد پانی میں جوش دے کر آب دست کرائیں پھر ان ادویات کو سفوف کرکے چھڑکیں۔

پوست انار 20 گرام، مازو سبز 20 گرام، جفت بلوط 20 گرام، پھلی ببول 20 گرام، پھٹکری 10 گرام سب کو باریک مثل سرمہ کرلیں، اس کے بعد بوتل میں محفوظ رکھیں حسب ضرورت کانچ جب نکلی ہوئی اس کو صاف کرکے اوپر تھوڑا سفوف چھڑک کر مقعد کے اندر کردیں اور لنگوٹ بندھادیں اسی طریق سے انشاء اللہ فائدہ ہوجائے گا۔ یارانڈ کا پتہ گرم کرکے رات کو باندھ لیں فائدہ مند ہے۔

بھگندر، نواصیر: یہ مرض بڑا تکلیف دہ ہے اس کی تین قسمیں ہیں ایک ناسور کا آرپار ہونا، دوسرا ناسور بیرونی جانب ہو اور اندر تک منہ نہ کیا ہو تیسرا ناسور کا منہ اندر ہی کی طرف ہو۔

  • شراب خوری، کثرت گوشت اور میٹھی چیزوں کے کھانے سے ہوتا ہے۔ بہت عرصہ پیچش میں مبتلا رہنے سے بھی ہوجاتا ہے۔
  • رفع حاجت کے وقت جلن اور درد کا ہونا ناسور کی جگہ سے ہروقت زرد رنگ کا مواد بہتے رہنا اگر سوراخ کو دبایا جائے تو مواد کا نکلنا۔

علاج: ابتدائی علاج بواسیر والا ہے جو تحریر کردیا گیا ہے لیکن مقامی علاج میں صرف یہ چاہئے کہ زخم کو گندہ نہ ہونے دیا جائے۔ پیپ یامواد سے زخم کو خشک رکھا جائے۔

فقیری نسخہ: میرے والد محترم بڑے حکیم حضرت مولانا ڈاکٹر حکیم محمد ادریس حبان رحیمی حفظہ اللہ ایسے مریضوں کو جن کا زخم سوکھتا نہیں اور جلن رہتی ہے ۔ فقیری نسخہ تحریر فرماتے ہیں جو بے حد مجرب ہے قارئین استعمال کریں اور فائدہ اٹھائیں۔

نسخہ: شرمیلا پتہ (چھوئی موئی) جو ایک گھاس ہوتی ہے اور ہاتھ لگانے پر پتہ مرجھا جاتے ہیں کچھ دیر بعد پھر کھل جاتے ہیں ان کو لیکر 10 گرام پانی میں جوش لیں اور چھان کر صبح وشام مریض کو پلائیں اور اسی پتوں کو باریک پیس کر اس کا مرہم تیار کرلیں اور رات کو زخم پر لگاکر پٹی باندھ کر سوجائیں ان شاء اللہ چند ہفتوں میں افاقہ ہوجائے گا۔

نوٹ: نواصیر، بواسیر، بھگندر (فسٹولا) کا علاج رحیمی شفاخانہ میں کیا جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button