چنڈی گڑھ،10؍مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی دہلی یونٹ کے ترجمان تیجندر پال سنگھ بگا کو پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ سے راحت ملی ہے اور عدالت نے ان کی گرفتاری پر 5 جولائی تک پابندی لگا دی ہے۔ موہالی کے ایک پولیس اسٹیشن میں اپریل میں بگا کے خلاف اشتعال انگیز تقریر، نفرت پھیلانے اور مجرمانہ دھمکی کے مقدمات درج کیے گئے تھے۔ پنجاب پولیس نے اسے حال ہی میں دہلی سے گرفتار کیا تھا۔
انہیں پنجاب پولیس نے جمعہ کی صبح دہلی کے جنک پوری میں واقع ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔پولیس انہیں پنجاب لے جا رہی تھی۔ لیکن راستے میں اسے ہریانہ پولیس نے کروکشیتر میں روکا اور چند گھنٹوں کے بعد دہلی پولیس بگا کو واپس لے آئی۔ اس کے ساتھ ہی آج پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ نے بگا کی گرفتاری پر 5 جولائی تک پابندی لگا دی ہے۔
عدالت سے راحت پر بگا کا بیان بھی آیا ہے۔ جس میں انہوں نے ایک بار پھر دہلی کے سی ایم اروند کیجریوال کو نشانہ بنایا ہے۔ بگا نے کہا کہ میں آج پھر اروند کیجریوال کو چیلنج کرتا ہوں۔ ہمارے خلاف جتنی بھی جھوٹی ایف آئی آر درج کرلو، ہم آپ کے سامنے جھکنے والے نہیں ہیں۔



