
جی او 46 کی خلاف ورزی پر اسکولس کو نوٹس جاری ، پیرنٹس اسوسی ایشن کی درخواست پر ہائیکورٹ میں سماعت
تلنگانہ:(اردودنیا/ایجنسیاں) تلنگانہ میں تعلیمی اداروں کی فیس اور آن لائن کلاسیس کے مسئلہ پر ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی گئی ہے۔ ہائی کورٹ نے حیدرآباد اسکولس پیرنٹس اسوسی ایشن کی جانب سے دائر کردہ درخواست کی سماعت کی۔ محکمہ تعلیم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ طلبہ سے زائد فیس وصول کرنے والے اسکولوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
عدالت کو بتایا گیا کہ جی او 46 کی خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی گئی ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ حکومت آئندہ چار ہفتوں میں حکومت کے تحت آنے والے تمام اسکولوں کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔ سی بی ایس ای، آئی سی ایس ای اسکولس ریاستی حکومت کے اختیار میں نہیں ہیں۔ حکومت متعلقہ بورڈز کو اولیائے طلبہ کے مسائل سے واقف کرائے گی۔
حکومت کی اس وضاحت کو ہائی کورٹ نے کارروائی میں شامل کیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی برخواستگی کے نتیجہ میں آن لائن کلاسیس کے اہتمام پر سماعت کی ضرورت نہیں ہے لہذا اس معاملہ کی یکسوئی کردی گئی۔لاک ڈاؤن کے دوران اسکولس کی جانب سے فیس کی ادائیگی پر سرپرستوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔



