بہار: ہوم گارڈ امتحانات کاپرچۂ سوال لیک، امیدوار گرفتار
کٹیہار؍پٹنہ ،24جنوری ( اردودنیا۔اِن) اتوار کے روز ہوم گارڈ کے عہدے کے لئے امتحانا ت یاست کے کئی اضلاع میں منعقد ہوئے۔ کٹیہار کے اوما دیوی گرلس اسکول میں امتحان کے دوران ایک امیدوار پرچہ سوال لیک کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ ملزم امیدوار کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔
ملزم وکرم کمار منڈل واٹس ایپ کے ذریعے اپنے دوست کو موبائل سے پرچہ سوالات کی تصویر بھیجی تھی، جس کا انکشاف موبائل چیکنگ کے دوران ہوا۔ یہ بھی واضح ہوا کہ کچھ سوالات کے جوابات بھی ملزم کے پاس آگئے تھے ۔ملزم وکرم کمار سے کمرۂ امتحان میں ڈپٹیشن افسر نے شبہ کی بنیاد پر پوچھ گچھ کی تھی، اس دوران ملزم کے پاس سے ایک موبائل بھی برآمد ہوا۔
مرکز امتحان میںپرچہ سوال لیک ہونے کی اطلاع ملنے پر ایس ڈی او شنکر شرن اور ایس ڈی پی ایک ٹیم فورس کے ساتھ اسکول پہنچے،ایف آئی آر درج کئے جانے کے بعد ملزم کو جیل بھیج دیا گیا۔ پوچھ گچھ کے دوران اس نے بتایا کہ گیٹ پر کوئی موبائل نہیں رکھ رہا تھا، وہ موبائل لے کرکمرہ ٔ امتحان چلاآیا، پھر اسے باتھ روم میں رکھ دیا، اس سے قبل اس نے موبائل سے پرچہ سوال کی تصویر لے کر اسے اپنے ایک ساتھی ولاس کمار کے پاس بھیج دیا تھا۔ سینٹر میں موجود عہدیداروں نے بتایا کہ اس معاملہ میں ایف آئی آر درج کرلیا گیا، کئی پہلوؤں کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔



