خواتین کو اکثر ایسے گھریلو ٹوٹکوں کی تلاش ہوتی ہے جو ان کی زندگی کو آسان بنا دیں۔ اور گھر میں موجود بزرگ خواتین سے زیادہ اچھے ٹوٹکے کوئی نہیں بتا سکتا۔ کیونکہ ان خواتین کے پاس عمر بھر کا تجربہ موجود ہوتا ہے۔اسی لئے آج ہم آپ کو نانی اور دادی کے آزمودہ دس ایسے نسخے بتا رہے ہیں جو آپ کی زندگی کو سہل کردیں گے۔
٭ نان اسٹک برتن کی چمک اور حفاظت کیلئے ۔
٭ نان اسٹک برتنوں پر اگر تھوڑا سا تیل مل دیں تو ان کی پالش برقرار رہتی ہے ۔
٭ نان اسٹک پتیلوں میں صرف لکڑی یا پلاسٹک کے چمچے استعمال کریں تاکہ نشان نہ پڑیں ۔
٭ نان اسٹک پتیلی میں کھانے یا جلنے کے نشان صاف کرنے کیلئے اس میں پانی اور دو چمچ بیکنگ سوڈا ملاکر ابالیں۔ پھر دھوکر ہلکا سا تیل لگائیں ۔
٭ دھنیا کا رس پینے یا تازہ دھنیا چوسنے سے قئے میں آرام مل جاتا ہے ۔
٭ ہری مرچیں کاٹنے سے پہلے تیل یا گھی ہاتھوں پر اچھی طرح مل لیا جائے تو جلن نہیں ہوتی ۔
٭ منہ کی بدبو دور کرنے کیلئے دن میں دو تین مرتبہ سونف چبالیا کریں ۔ چند ہی دنوں میں منہ کی بدبو دور ہوجائے گی ۔
٭ پودوں کے گملوں میں کبھی کبھی بغیر دودھ والی ٹھنڈی چائے چھڑکنے سے گملوں کی مٹی میں کیڑے نہیں رہیں گے ۔
٭آٹے کے ڈبے وغیرہ کو کیڑ لگنے سے بچانے کیلئے ان میں تیز پات رکھ دیں ۔ اس سے کیڑا نہیں لگتا ۔
٭ کسی بھی کچے پھل کو پکانے کیلئے اسے اخبار میں لپیٹ کر دو تین دن کیلئے کسی گرم جگہ پر رکھ دیں، پھر پک کر تیار ہوجائے گا۔
٭ مچھروں کو بھگانے کیلئے ایک کپ میں تھوڑا پانی اور چند کافور کی گولیاں ڈال کر کمرے میں رکھیں ، مچھر نہیں آئیں گے۔
٭ اوون صاف کرنے کیلئے کھانے کے سوڈے میں تھوڑا پانی شامل کرکے پیسٹ بنائیں اور اسے اوون کی دیواروں اور فرش پر اچھی طرح لگادیں۔ پھر اوون کو آدھے گھنٹے کیلئے کم درجۂ حرارت پر چلائیں۔ اب اوون کو آف کریں۔
٭ خستہ و مزیدار پاپ کارن بنانے کیلئے مکئی کے دانوں کو ہمیشہ فریزر میں رکھیں۔ جب پاپ کارن بنانے ہوں، اسی وقت نکالیں اور فوری بنائیں۔
٭ چاولوں کو کیڑوں سے بچانے کیلئے ایک کلو کچے چاولوں میں 5 گرام سوکھے پودینے کا پاؤڈر ملاکر رکھیں۔
٭ ڈیپ فرائی کی ہوئی غذائیں صحت کیلئے نقصان دہ ہوتی ہیں۔ لہذا سموسوں کو فرائی کرنے کے بجائے بیک کریں۔ کچے سموسوں کو فریز کردیں اور جب ضرورت ہو تو دو گھنٹے پہلے نکال لیں۔ پھر اوون میں کم درجۂ حرارت پر بیک کرلیں۔
٭ آلو اور پیاز کبھی ایک ساتھ نہ رکھیں کیوں کہ اس طرح آلو بہت جلد خراب ہوجاتے ہیں۔
(۱)ایک چائے کے چمچ شہد میں ½چائے کا چمچہ عرق گلاب ملائیں اور اسے نرمی کے ساتھ چہرے پر لگائیں۔ 20-15منٹ تک یونہی رہنے دیں پھر نیم گرم پانی سے اسے دھو ڈالیں۔ شہد خشک جلدکو موئسچرائز کرتا ہے اور سکون پہنچاتا ہے اور یہ روز مرہ استعمال کے لئے مناسب ہے۔
(۲)بادام کے تیل یا زیتون کے تیل کی چہرے پر باقاعدگی سے مالش خشک جلد پر حیرت انگیز نتائج لاتی ہے۔
(۳)سیب کا ایک چوتھائی ٹکڑا لیں۔ چھلکا اتاردیں اور کدوکش کرلیں۔ ریفریجریٹر میں ٹھنڈا کرلیں۔ اسے جلد پر لگائیں اور پندرہ منٹ تک کے لیے چھوڑ دیں۔ ٹھنڈے پانی سے دھو ڈالیں۔ سیب خشک جلد کے لیے سکون آور ہے اور اسے ایک خوشگوار چمک عطا کرتا ہے۔
(۴)ایک کھانے کا چمچہ کریم (بالائی ) لیں۔ چمچ سے ہلائیں حتیٰ کہ یہ ایک ملائم پیسٹ سا بن جائے۔ نہانے سے پہلے چہرے اور گردن پر لگائیں۔ بالائی سن ٹین کو ہٹانے میں مدد دیتی ہے اور آپ کی جلد کو ریشمی اور ملائم بناتی ہے۔
نارمل جلد کیلئے گھریلو نسخے
(۱)پکے ہوئے ایک چوتھائی کیلے کو میش کرلیں۔ چہرے پر لگائیں لیکن اس احتیاط کے ساتھ کہ آنکھوں کے نیچے کے حصہ پر نہ لگنے پائے۔ اسے دس منٹ تک یونہی لگا رہنے دیں پھر ٹھنڈے پانی سے دھو ڈالیں۔ کیلا اس مردہ جلد کو علیحدہ کرنے کے لیے بہترین ہے جو آپ کی جلد کو بے جان ظاہر کرتے ہیں۔ کیلے کا باقاعدہ استعمال آپ کی جلد کو تازگی اور صحت مندانہ چمک عطا کرتا ہے۔
کمبی نیشن اسکن کیلئے گھریلو نسخے
(۱)ہمیشہ عرق گلاب کی ایک چھوٹی شیشی اپنے ریفریجریٹر میں رکھیں۔ روئی کے ایک چھوٹے سے ٹکڑے کوٹھنڈے عرق گلاب میں بھگو کر نہایت فیاضی کے ساتھ اپنے چہرے پر تھپتھپائیں۔ تازگی کے احساس سے خوب لطف اندوز ہوں۔
(۲)پکے اور بیج نکالے ہوئے پپیتے کا گودا 4-3 کھانے کے چمچ لیں۔ اچھی طرح سے میش کرلیں اور ریفریجریٹر میں ٹھنڈا کرلیں۔ چہرے پر لگائیں اور 10 سے 15 منٹ تک لگا رہنے دیں۔ پھر ٹھنڈے پانی سے دھو ڈالیں۔ پپیتا کمبی نیشن یا آئلی جلد کو نارملائز کرنے میں مدد دیتا ہے اور اسے ایک خوبصورت صحت مندانہ چمک عطا کرتا ہے۔
چکنی جلد کے لیے گھریلو نسخے
(۱)ریفریجریٹر میں پانی کا ایک پیالہ رکھیں اور اس ٹھنڈے پانی سے دن میں 4-3مرتبہ اپنے چہرے پر چھپا کے ماریں۔ ٹھنڈے پانی سے نہ صرف آپ کو تازگی کا احساس ہوگا بلکہ آپ کے مسامات بھی ٹائٹ ہو جائیں گے۔
(۲)پمپلز کے لیے نیم کے پتے شاندار ہوتے ہیں۔ دھلے ہوئے نیم کے پتوں کو کوٹ لیں تاکہ ایک پیسٹ سا بن جائے اور اسے متاثرہ حصوں پر لگائیں کم از کم آدھا گھنٹہ لگا رہنے دیں۔ نیم پمپلز کو تیزی سے خشک کرنے میں مدد دے گی۔
(۳)پمپلز کے چھوڑے ہوئے داغ دھبوں اور نشانات کے لیے کیلامن (Calamine) لوشن استعمال کریں۔ بس تھوڑا سا لوشن ان داغ دھبوں پر تھپتھپا دیں (رات کو سوتے وقت) اور یہ داغ دھبے دھیرے دھیرے دھندلا جائیں گے۔
(۴)چکنی جلد کے لیے ایک زبردست پیک یخ کھیرا ہے۔ کھیرے کو باریک کدوکش کرلیں یا پھر کھیرے کو بلینڈر میں بلینڈ کرکے ایک پیسٹ بنالیں۔ اسے فریج میں یخ کرلیں۔ اسے چہرے پر لگائیں اور پندرہ منٹ تک اطمینان سے بیٹھی رہیں۔ ٹھنڈے پانی سے دھو ڈالیں۔ بہترین نتائج کے لیے صاف ستھرے اور دھلے ہوئے منہ پر ہفتے میں دوبار اسے دہرائیں۔
تمتماتی جلد کیلئے آسان نسخے
(۱)جلد کو باقاعدگی سے اور صحیح طور پر دھوتی اور صاف کرتی رہیں۔ ملائم طریقے سے اور اچھی طرح کلینزنگ سے جلد کے مردہ خلیے اتارنے میں مدد ملتی ہے جو کہ آپ کی جلد کو بے جان ظاہر کرتے ہیں اور کلینزنگ آپ کے چہرے پر سے اضافی چکناہٹ اور بیکٹیریا کو دور کرنے میں بھی مدد دیتی ہے۔
اکثر بیکٹیریا ہی جلد کے پھٹنے اور پھنسیاں وغیرہ کے نکلنے کا سبب ہوتے ہیں۔ پس یہ ضروری ہے کہ آپ اپنی جلد کو جہاں تک ممکن ہوسکے، صاف ستھرا رکھیں۔
(2)روزانہ یا ہفتے میں کم از کم تین مرتبہ کوئی ورزش ضرور کریں۔ اس لئے کہ ورزش سے دوران خون بہتر ہوتا ہے اور اس کے بدلے میں جلد میں آکسیجن کی مقدار بڑھتی ہے۔اس بات سے قطع نظر کہ آپ کی جلد کسی قسم کی ہے، جلد کی باقاعدگی سے دیکھ بھال آپ کی جلد کی ظاہری کیفیت کو بہتر بناتی ہے۔ اور آپ کے چہرے پر عمر رسیدگی کے آثار کے نمایاں ہونے میں تاخیر کرتی ہے۔ یہ چند فائدہ مند ٹپس ہیں جن پر اگر باقاعدگی سے عمل کیا جائے تو آپ کی جلد کو ایک دلکش چمک دمک کے حصول میں نہ صرف مدد ملے گی بلکہ آپ ایک تمتماتی ہوئی سرخ و سپید جلد کی مالک بن جائیں گی اور ہر ایک آپ کو رشک بھری نگاہوں سے دیکھنے لگے گا۔



