آزمودہ گھریلو علاج,بالوں کو گھنا کریں✍️ماہا آفریدی
بالوں کے مسلسل گرنے کے باعث پتلا ہونا اور پھر گنج ظاہر ہونا خواتین کا اہم مسئلہ بنتا جارہا ہے۔
بالوں کے مسلسل گرنے کے باعث پتلا ہونا اور پھر گنج ظاہر ہونا خواتین کا اہم مسئلہ بنتا جارہا ہے۔ اس کی وجہ موسمی اور ماحولیاتی حالات کے علاوہ دیگر عوامل جیسے اسٹریس، غذائیت کی کمی، ہارمونل عدم توازن، آلودگی، بالوں پر استعمال کی جانے والی پروڈکٹ، الرجی، موروثی مسائل اور بالوں کی مناسب دیکھ بھال کی کمی ہے۔ ان تمام مسائل کے ہوتے ہوئے گھنے بالوں کا حصول ایک خواب سا لگتا ہے۔ لیکن کچھ قدرتی اجزاء ایسے ہیں جن کے استعمال سے آپ گھنے اور لچکدار بال حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکتی ہیں۔یہ قدرتی گھریلو علاج نہ صرف موثر بلکہ نہایت سستے بھی ہیں۔اس ٹریٹمنٹ میں شامل اجزاء گھر پر ہی دستیاب اور اس پرعمل بہت آسان ہے۔بس اگرآپ مطلوبہ نتائج حاصل کرناچاہتے ہیں تو صبر اور باقاعدگی سے عمل کرنے کی ضرور ت ہے۔ ان تینوں ٹریٹمنٹ میں سے کوئی ایک باقاعدگی سے اپنی روٹین کا حصہ بنائیں اور بالوں کے مسائل سے چھٹکارا پائیں۔
انڈے کا استعمال
پہلا طریقہ نمبر: پروٹین سے بھرپورانڈہ نہ صرف ہماری غذائی ضروریات پوری کرتا ہے بلکہ ہمارے بالوں کی صحت کیلئے بھی نہایت اہم ہے۔ انڈے کے استعمال سے بال مضبوط اورگھنے ہوسکتے ہیں لیکن مثبت نتائج کیلئے اس کااستعمال مستقل کرنے کی ضرورت رہتی ہے۔
۱۔اپنے بالوں کے حساب سے ایک سے دو انڈوں کی زردی لیں اور پھینٹ لیں۔
۲۔بالوں کو گیلا کریں اور انڈے کو جڑوں سے سروں تک لگائیں۔
۳۔لگانے کے بعد تیس منٹ تک چھوڑ دیں۔
۴۔اس کے بعد پہلے صرف پانی سے اچھی طرح دھولیں اس کے بعد ہربل یامائلڈ شیمپو استعمال کریں۔
دوسرا طریقہ نمبر:
۱۔ دو انڈوں کی زردی، دوچمچ پانی اور ایک چمچ زیتون کا تیل ایک باول میں ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔
۲۔ بالوں کو گیلا کئے بغیر جڑوں سے سروں تک لگائیں اورپندرہ منٹ کے لئے چھوڑدیں۔
۳۔ پھر پہلے پانی سے واش کریں اس کے بعد مائلڈ شیمپو کا استعمال کریں۔ان دونوں ٹریٹمنٹ میں سے کوئی ایک ہفتہ میں دو دفعہ استعمال کریں اور فرق خود محسوس کریں۔
پیاز کا عرق
اگر آپ واقعی چاہتے ہیں کہ آپ کے بال گھنے اور مضبوط ہوجائیں تو پھر اسے ضرور استعمال کرکے دیکھیں۔ بالوں کی افزائش، خوبصورتی اور بہتر نشوونما کے لئے پیاز کا عرق نہایت مؤثر مانا جاتا ہے۔ اگر آپ پیاز کی بو سے پریشان ہوں تو اس میں چند قطرے اپنے پسندیدہ آئل کے ضرور شامل کرلیں۔
۱۔ دو پیاز لے کرچھیل کر ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔
۲۔ اسے بلینڈ کریں اور چھان لیں۔
۳۔ چھان کرعرق کواسپرے بوتل میں بھرلیں۔
۴۔ جڑو ں اور اسکیلپ پرلگانے کے لئے روئی کی مددلیں۔
۵۔ پندرہ منٹ لگا رہنے دیں اوراس کے بعد شیمپو کرلیں۔ہفتے میں ایک باراستعمال کریں اور مطلوبہ نتائج حاصل کریں۔
ایلوویراجیل
ایلوویرا میں ایسے انزائمز پائے جاتے ہیں جو مردہ خلیات کو ہٹاکر فولیکلز کو تحریک دیتے ہیں۔ یہ بالوں کی تشکیل، ٹیکسچر اور ان کی افزائش کو بہتر بنانے میں مؤثر کردار ادا کرتا ہے۔
۱۔ تازہ ایلوویرا کا ایک پتہ لیں۔
۲۔چھری کی مددسے پہلے دونوں سائڈ جن پرکانٹیں ہیں اسے کاٹیں۔
۳۔ اس کے بعد اوپری چھلکے ہٹاکرتازہ ایلوویراجیل نکال لیں۔
۴۔اسے بلینڈ کرکے اسکیلپ پر ہلکا سا مساج اور ساتھ بالوں پر بھی لگادیں۔
۵۔ایک گھنٹے بعدپہلے پانی اورپھرشیمپوسے واش کرلیں۔بہترین نتائج کے لئے ہفتے میں دوسے تین دفعہ استعمال کریں۔
نوٹ: اگر آپ کے بال روکھے اوربے جان ہیں تو ایلوویراجیل میں دوچمچ ناریل کاتیل بھی شامل کرلیں۔



