گھریلو کام کاج کی عادت ضعیف خواتین کی طویل عمر اور تندرستی کا راز
ضعیف خواتین گھریلو کام کاج کرتی ہوئی، صحت مند زندگی کی علامت
ایک نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جو عمر رسیدہ خواتین روزانہ کے معمولات میں چھوٹے موٹے گھریلو کام کاج جیسے برتن دھونا، کھانا پکانا، کپڑے تہہ کرنا یا گھر کی صفائی کرتی ہیں، وہ ان خواتین کے مقابلے میں زیادہ تندرست رہتی ہیں جو زیادہ تر وقت آرام کرتی ہیں۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے ماہرین نے 5,500 خواتین پر مشتمل ایک مطالعہ کیا جنہیں ایک ہفتے تک موومنٹ ٹریکنگ ڈیوائس پہننے کو کہا گیا تاکہ ان کی روزمرہ جسمانی سرگرمیوں کو ناپا جا سکے۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق وہ خواتین جو روزانہ کم از کم چار گھنٹے کسی نہ کسی جسمانی سرگرمی میں مصروف رہتی ہیں، ان میں ہارٹ اٹیک یا فالج سے موت کا خطرہ تقریباً دو تہائی کم پایا گیا۔
یہ سرگرمیاں صرف ورزش نہیں بلکہ روزمرہ کے عام کاموں جیسے گھر کی صفائی، کھانا پکانا، باغبانی، یا حتیٰ کہ نہانے کو بھی شامل کرتی ہیں۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ اگر یہ گھریلو سرگرمیاں تھوڑی کم بھی کی جائیں تب بھی عمر رسیدہ خواتین اپنی اچھی صحت اور جسمانی فٹنس برقرار رکھ سکتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چھوٹی چھوٹی جسمانی حرکتیں جیسے جھاڑو لگانا، برتن دھونا یا باورچی خانے میں کام کرنا، جسم کے دوران خون کو بہتر کرتی ہیں، جو دل کی بیماریوں، فالج اور دیگر خطرات کو نمایاں طور پر کم کرتی ہیں۔
جرنل آف امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے مطابق، ضعیف خواتین کو حرکت میں رہنے کی عادت ڈالنی چاہیے، چاہے وہ چھوٹے موٹے کام ہی کیوں نہ ہوں، کیونکہ یہی روزمرہ کی سرگرمیاں طویل عمر اور صحت مند زندگی کی ضامن ہیں۔



