نوئیڈا ،26فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)نوئیڈا میں واقع سوپر ٹیک کے جڑواں ٹاورز کو منہدم کرنے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ نوئیڈا سیکٹر-93A میں واقع دونوں فلک بوس عمارتوں کو منہدم کرنے کے لیے کتنے دھماکہ خیز مواد کی ضرورت ہوگی یہ جاننے کے لیے جنوبی افریقہ سے انجینئر نوئیڈا پہنچ گئے ہیں۔
اس کے علاوہ غیر ملکی انجینئر دوسرے پہلوؤں کا بھی معائنہ کریں گے۔ جنوبی افریقہ کے ایک انجینئر نے ٹوئن ٹاورز سے ملحق ایمرلڈ سوسائٹی کا بھی معائنہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد سپرٹیک کی دونوں فلک بوس عمارتیں گرائی جائیں گی۔سپرٹیک نے دو ٹاورز اپیکس اور سیان کے انہدامی کاروائی کے لیے ایک ہندوستانی کمپنی ایڈفس انجینئرنگ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔
ایک جنوبی افریقی کمپنی ایڈیفائس انجینئرنگ کا ذیلی ادارہ ہے۔ سپرٹیک ٹوئن ٹاورز کو توڑنے کا ٹھیکہ بھارتی کمپنی ایڈیفائس کو مل گیا ہے، اس کمپنی کی ذیلی کمپنی ایک جنوبی افریقن کمپنی ہے،کئی انجینئرز فرانس سے بھی آئیں گے۔
اس بات کی نشان دہی کی جا رہی ہے کہ دھماکہ خیز مواد کتنی مقدار اور کہاں استعمال ہونا ہے۔ دوسری جانب مزدوروں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ اب اس کام میں 300 مزدور لگ چکے ہیں۔غور طلب ہے کہ دونوں ٹاورز کو توڑنے کے لیے 22 مئی تک کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
ان عمارتوں کا ملبہ 22 اگست 2022 تک ہٹا دیا جائے گا۔عمارت کو گرانے سے پہلے یہاں بنائے گئے 15 ٹاورز کا سٹرکچرل آڈٹ بھی کیا جا رہا ہے، تاکہ ان کی مضبوطی کا اندازہ لگایا جا سکے۔
اسے دیکھنے کے لیے افریقہ سے 2 انجینئر ہفتہ کو یہاں پہنچے۔ اس کے بعد فرانس کے انجینئر دونوں ٹاورز کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ دیں گے۔وہیں دھماکے کے ڈیزائن کی منظور شدہ کاپی بھی سی بی آر آئی کے ذریعے سنیچر کی شام تک نوئیڈا اتھارٹی کو سونپ دی جائے گی۔اس صورت میں کوتاہی یا غلطی کی گنجائش نہ ہونے کے برابر ہے۔ اسی لیے ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کے انجینئرز ٹاورز کا معائنہ کر رہے ہیں۔
اگر عمارت گرائی گئی تو 10 سیکنڈ میں مکمل ہو جائے گی۔ اس کا ملبہ 60 فٹ چوڑے سڑک پر گرے گا، اس کی وجہ سے دھول تقریباً 100 میٹر تک پھیلے گی۔ اسے ہٹانے میں تقریباً 20 منٹ لگیں گے، اس لیے لوگوں کو تقریباً 100 میٹر رینج کے تمام ٹاورز کو خالی کرنے کے بعد تین سے چار گھنٹے تک باہر رہنا پڑے گا۔



