شادی کو 13 سال بیت گئے، مگر بیوی نے انسٹاگرام پر دوسری شادی کر کے شوہر کو چونکا دیا
شوہر کی پولیس میں شکایت: بیوی نے طلاق کے بغیر دوسری شادی کر کے دھوکہ دیا
خاتون انسٹاگرام پر محبت میں گرفتار، 13 سال بعد شوہر کو چھوڑ کر دوسری شادی!
نیلامنگلا/بنگلور:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) ایک خاتون، جس کی شادی کو 13 سال گزر چکے ہیں اور ایک 9 سالہ بیٹا بھی ہے، اپنی ازدواجی زندگی میں بظاہر خوش تھی۔ لیکن سوشل میڈیا کی دنیا نے اس کے سکون کو تہس نہس کر دیا۔ انسٹاگرام پر ایک نوجوان سے دوستی کے بعد، وہ شوہر اور بیٹے کو چھوڑ کر اس کے ساتھ فرار ہو گئی۔ ایک ہفتہ قبل اس سے شادی کی اور شادی کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کر کے پہلے شوہر کو چونکا دیا۔
گھر چھوڑ کر فلمی کہانی جیسا واقعہ
یہ فلمی کہانی جیسا واقعہ بنگلور کے قریب نیلامنگلا تعلقہ کے جکاسندرا علاقے کے راگھویندرا نگر میں پیش آیا۔ اس کہانی کی مرکزی کردار "نیتراوتی” ہے، جس کی شادی 13 سال قبل "رمیش” نامی شخص سے ہوئی تھی۔ دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے۔ ایک ماہ قبل نیتراوتی کا شوہر سے جھگڑا ہوا اور وہ گھر چھوڑ کر چلی گئی۔ حال ہی میں اُس نے "سنتوش” نامی نوجوان سے شادی کی اور شادی کی ویڈیو انسٹاگرام پر اپ لوڈ کر دی۔ یہ دیکھ کر رمیش نے نیلامنگلا پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی کہ اُس کی بیوی نے طلاق لیے بغیر دوسری شادی کر لی ہے اور یہ سراسر دھوکہ ہے۔
"بہو نے دھوکہ دیا”: سسرالیوں کا الزام
رمیش اور اُس کے والدین نے تھانے کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام لگایا کہ نیتراوتی نے اُن کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ اُن کے مطابق وہ پچھلے دو سال سے انسٹاگرام پر اس نوجوان کے ساتھ تعلقات میں تھی اور اُن کا پوترا بھی ساتھ لے گئی ہے۔ بچہ کہاں ہے، کچھ معلوم نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کافی سمجھانے کے باوجود وہ ماننے کو تیار نہ ہوئی۔ رمیش نے کہا کہ نیتراوتی کے والدین کا انتقال ہو چکا ہے اور وہ یتیم تھی، اسی ہمدردی میں شادی کی تھی، لیکن اُس نے وفا نہیں کی۔ رمیش نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اُس کی بیوی کے نام پر 50 لاکھ روپے مالیت کی زرعی زمین ہے اور اس کا دوسرا شوہر اسی پر نظریں جمائے بیٹھا ہے۔
نیتراوتی خود پہنچی پولیس اسٹیشن
اس معاملے نے اس وقت نیا موڑ لیا جب نیتراوتی اپنے وکیل کے ہمراہ بدھ کے روز نیلامنگلا پولیس اسٹیشن پہنچی۔ اُس نے پولیس سے درخواست کی کہ اُسے اپنے سابقہ شوہر کے گھر سے سامان لینے کے لیے تحفظ دیا جائے۔ اُس نے الزام لگایا کہ پہلا شوہر روز شراب پی کر مارتا تھا اور وہ اُس کے ساتھ مزید رہنا نہیں چاہتی۔ اُس نے حال ہی میں اُس کے خلاف مقدمہ بھی درج کروایا ہے۔ اس سنسنی خیز واقعے نے پورے ضلع میں ہلچل مچا دی ہے۔



