جرائم و حادثاتسرورق

حیدرآباد میں 16 سالہ طالبہ سے مبینہ اجتماعی زیادتی، 8 نوجوان گرفتار

حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) شہر کے الوال پولیس اسٹیشن کے حدود میں انٹرمیڈیٹ کی 16 سالہ طالبہ کو مبینہ طور پر نشہ آور اشیا کا استعمال کراتے ہوئے مختلف مقامات پر اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے اس واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں 8 نوجوانوں کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔

پولیس کے مطابق مچھا بولّارم علاقے سے تعلق رکھنے والی 16 سالہ لڑکی مقامی کالج میں انٹرمیڈیٹ کی تعلیم حاصل کر رہی ہے۔کچھ عرصہ قبل اس کی ورون نامی نوجوان سے جان پہچان ہوئی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ورون نے اسے نشہ آور دوا ملے چاکلیٹ دیے۔ چاکلیٹ کھانے کے بعد لڑکی بے ہوش ہوگئی، جس کے بعد وہ اسے اپنی کار میں لے گیا اور مبینہ طور پر اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔

بعد میں مذکورہ نوجوان کے ایک دوست نے بھی لڑکی سے شناسائی حاصل کی۔ پولیس کے مطابق اس نے لڑکی کو مبینہ طور پر نشہ آور اشیا، سگریٹ اور گانجے کا عادی بنایا اور اس کے بعد کومپلی میں اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔

پولیس نے بتایا کہ اس سے قبل انسٹاگرام کے ذریعے بھی لڑکی کی ایک نوجوان سے شناسائی ہوئی تھی، جس نے مبینہ طور پر اس کے ساتھ نازیبا سلوک کیا۔

لڑکی کے رویے میں تبدیلی محسوس ہونے پر اس کے والدین نے اسے ڈانٹا، جس سے وہ دلبرداشتہ ہوگئی۔ پولیس کے مطابق 9 ستمبر کو لڑکی گھر سے نکل کر بولّارم ریلوے اسٹیشن پہنچ گئی۔

وہاں اس کی ایک اور نوجوان سے شناسائی ہوئی۔ پولیس کے مطابق اس نوجوان نے اپنے ایک دوست کی مدد سے لڑکی کو اپنے جال میں پھنسایا۔ دونوں نے مبینہ طور پر اسے نشہ آور اشیا دیں اور اس کے ساتھ الگ الگ جنسی زیادتی کی۔ بعد ازاں لڑکی کو ایک دوسرے مقام پر لے جایا گیا، جہاں مزید دو نوجوانوں نے بھی مبینہ طور پر اس کے ساتھ زیادتی کی۔

پولیس کے مطابق اس کے بعد ریلوے اسٹیشن پر لڑکی سے شناسائی کرنے والا نوجوان اسے بولّارم میں واقع اپنے گھر لے گیا اور وہاں مبینہ طور پر اسے قید کر دیا۔

تاہم لڑکی کسی طرح وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی اور بولّارم ریلوے اسٹیشن پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق مذکورہ نوجوان دوبارہ وہاں پہنچا اور اپنے ایک دوست کی مدد سے لڑکی کو پکڑ کر مڈچل ریلوے اسٹیشن لے گیا۔ الزام ہے کہ وہاں ٹرین میں بھی لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی، جس کے بعد ملزمان مَلکاج گیری کی سمت روانہ ہوئے۔

اس دوران لڑکی ملزمان کے چنگل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی اور 10 ستمبر کو اپنے گھر واپس پہنچی۔ اس نے والدین کو اپنے ساتھ پیش آئے واقعے کی تفصیلات بتائیں، جس کے بعد والدین نے پولیس سے شکایت کی۔

پولیس نے والدین کی شکایت پر مقدمہ درج کرتے ہوئے واقعے سے مبینہ طور پر وابستہ 8 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس نے انہیں اسٹیشن منتقل کرکے واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button