تلنگانہ کی خبریںسرورق

حیدرآباد: دلسکھ نگر بم دھماکہ کیس میں پانچ ملزمان کو سزائے موت

دلسکھ نگر بم دھماکہ کیس: تلنگانہ ہائی کورٹ نے مجرموں کی اپیل مسترد کرتے ہوئے سزائے موت برقرار رکھی

حیدرآباد :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)تلنگانہ ہائی کورٹ کی دو رکنی بینچ نے 8 اپریل 2025 کو دلسکھ نگر بم دھماکہ کیس میں سزا یافتہ پانچ مجرموں کی جانب سے دائر کردہ اپیلوں کو خارج کر دیا۔ عدالت نے خصوصی NIA عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے تمام مجرموں کی سزائے موت کو درست قرار دیا۔

یہ فیصلہ 13 دسمبر 2016 کو سنائی گئی NIA عدالت کی سزا کے خلاف دائر اپیلوں پر دیا گیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر تھا اور یہ کیس "سنگین جرائم” میں شمار ہوتا ہے، جس کے لیے قانون کے تحت زیادہ سے زیادہ سزا دینا ناگزیر تھا۔

ہائی کورٹ نے بھی ان دفعات کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ مقدمہ مکمل طور پر منصفانہ، شواہد پر مبنی اور قانونی تقاضوں کے مطابق تھا۔

 تلنگانہ ہائی کورٹ نے 2013 کے دلسکھ نگر بم دھماکہ کیس میں پانچ دہشت گردوں کو سزائے موت سناتے ہوئے ایک اہم فیصلہ سنایا۔ اس دل دہلا دینے والے واقعے میں 18 افراد جاں بحق اور 130 سے زائد شدید زخمی ہوئے تھے۔ یہ بم دھماکے 21 فروری 2013 کو حیدرآباد کے مصروف دل سکھ نگر علاقے میں شام 7 بجے کے قریب ہوئے تھے۔

پہلا دھماکہ بس اسٹاپ کے قریب ہوا، جبکہ دوسرا دھماکہ چند لمحوں بعد اے ون مرچی سینٹر، کونارک تھیٹر کے قریب ہوا۔ دھماکے ٹفن باکس میں رکھے بم کے ذریعے کیے گئے تھے۔ اس کیس میں مرکزی ملزم یاسین بھٹکل کو قرار دیا گیا، جو بھارتی مجاہدین کا بانی رکن ہے۔

اس واقعے کے بعد سارو نگر پولیس نے ابتدائی تحقیقات کیں، جس کے بعد مرکزی وزارت داخلہ کے حکم پر نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (NIA) نے کیس کی باقاعدہ تفتیش سنبھال لی۔ 2013 میں یاسین بھٹکل عرف شاروخ اور اسداللہ اختر عرف حدی کو نیپال بارڈر کے قریب گرفتار کیا گیا۔ ان کی نشاندہی پر طحٰہ سین اختر، ضیاء الرحمن اور اعجاز شیخ کو بھی گرفتار کیا گیا۔

این آئی اے نے 157 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے اور تین چارج شیٹس عدالت میں جمع کروائیں۔ NIA عدالت نے ان مجرموں کو انڈین پینل کوڈ (IPC)، ایکسپلوسیو سبسٹنسز ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیاں (انسداد) ایکٹ (UAPA) کے تحت مجرم قرار دیا تھا۔13 دسمبر 2016 کو NIA کی خصوصی عدالت نے پانچ مجرموں کو قصوروار قرار دیتے ہوئے قید، جرمانے اور سزائے موت سنائی۔ تاہم مجرموں نے اس فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ اب تلنگانہ ہائی کورٹ نے بھی نچلی عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے پانچوں مجرموں کو سزائے موت سنا دی ہے۔

سزا پانے والے مجرم:

  1. یاسین بھٹکل عرف شاروخ

  2. اسداللہ اختر عرف حدی

  3. طحٰہ سین اختر عرف حسن عرف مونو

  4. ضیاء الرحمن عرف وقاص عرف نبیل احمد

  5. اعجاز شیخ عرف سمر عرف ارمان ٹنڈے عرف اعجاز سید شیخ

مرکزی ملزم ریاض بھٹکل، جو اس وقت پاکستان میں روپوش ہے، کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری کیا جا چکا ہے۔

عدالت کی جانب سے اپیل مسترد ہونے کے باوجود، مجرم اب سپریم کورٹ آف انڈیا سے رجوع کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button