تلنگانہ کی خبریں

دینی مدرسہ کے 5 طلبا اور ایک مدرس غرقاب

حیدرآباد :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) شہر کے نواحی علاقہ جواہر نگر میں پیش آئے ایک افسوس ناک واقعہ میں دینی مدرسہ کے 5 طلبہ اور ایک معلم غرقاب ہوگئے ۔ اس واقعہ کی اطلاع سے شہر اضلاع کے دینی و ملی حلقوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ عنبر پیٹ سے تعلق رکھنے والے دینی مدرسہ کے طلبہ اساتذہ جواہر نگر میڑچل علاقہ میں ایک تقریب میں شرکت کیلئے گئے تھے اور تقریب میں شرکت کے بعد چند طلبہ معلم کے ہمراہ ملکارم علاقہ میں واقع ایرو کنٹہ تالاب گئے تھے جہاں تیراکی کے دوران طلبہ اور معلم غرقاب ہوگئے ۔ طلبہ اور معلم کی نعشوں کو تالاب سے نکالنے غوطہ خوروں کی مدد حاصل کی گئی اور اطلاع کے ساتھ ہی پولیس کی بھاری جمعیت اور اعلیٰ پولیس عہدیدار بھی مقام واقعہ پہونچ گئے ۔

عوام کی کثیر تعداد بھی تالاب پہونچ گئی اور کمسن بچوں کی نعشوں کے دلخراش مناظر کو دیکھ کر افسوس کا اظہار کیا ۔ طلبہ کی عمر 10 تا 12 سال کے درمیان بتائی گئی جن کی شناخت محمد جعفر ، محمد ریان ، محمد سہیل ، محمد اسماعیل اور محمد ریحان کی حیثیت سے کرلی گئی ہے ۔ جب کہ معلم کی شناخت محمد یحییٰ کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ ان تمام کا تعلق نہرو نگر سے بتایا گیا جو عنبر پیٹ حلقہ کے ایک دینی مدرسہ میں زیر تعلیم تھے اور تیراکی سے واقف نہیں تھے ۔ جواہر نگر علاقہ میں تقریب میں شرکت کیلئے کل 35 طلبہ گئے تھے جن میں 5 طلبہ اور معلم تالاب کی جانب گئے تھے ۔ بچوں کو تالاب میں پانی کی گہرائی کا کوئی علم نہیں تھا اور طلبہ پانی میں تیراکی کی غرض سے اترے طلبہ کو پانی میں ڈوبتا دیکھ کر معلم یحییٰ نے انہیں بچانے کی کوشش کی اور وہ اس کوشش میں طلبہ کے ساتھ غرقاب ہوگئے ۔

جواہر نگر پولیس انسپکٹر چندرا شیکھر نے بتایا کہ 5 طلبہ اور ایک معلم ملکارم ایرو کنٹہ تالاب میں غرقاب ہوگئے ۔ انہوں نے طلبہ کی شناخت ظاہر کی تاہم ان کی مکمل تصدیق نہیں ہوپائی ۔ پولیس نے غوطہ خوروں کو طلب کرکے نعشوں کو برآمد کیا اور ضابطہ کی کارروائی کے بعد نعشوں کو گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کردیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔

متعلقہ خبریں

Back to top button