کمسن لڑکی کے ساتھ جنسی ہراسانی کے خلاف پولیس کی کارروائی،خانگی اسکول پرنسپل اور ڈرائیور گرفتار
خانگی اسکول کے پرنسپل اور اس کے ڈرائیور کو 4 سالہ کمسن لڑکی کو جنسی ہراساں کرنے کے کیس میں گرفتار کرلیا۔
سرپرستوں کا اسکول پر احتجاج
حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)بنجارہ ہلز پولیس نے خانگی اسکول کے پرنسپل اور اس کے ڈرائیور کو 4 سالہ کمسن لڑکی کو جنسی ہراساں کرنے کے کیس میں گرفتار کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس ایم سدرشن نے بتایا کہ ڈی ایچ ڈی اے وی پولیس اسکول روڈ نمبر 14 بنجارہ ہلز کی پرنسپل مادھوی کے کار ڈرائیور رجنی کمار نے 4 سالہ کمسن لڑکی جو ایل کے جی کی طالبہ ہے، سے بدسلوکی کرتے ہوئے اسے مسلسل جنسی ہراساں کررہا تھا۔ لڑکی کی جانب سے ماں کو اس بات کی اطلاع دینے پر والدین برہم ہوگئے اور ڈرائیور کے خلاف پولیس بنجارہ ہلز سے شکایت درج کروائی۔
بنجارہ ہلز پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے کار ڈرائیور رجنی کمار کو گرفتار کرلیا۔ اسی دوران برہم اسکول طلباء کے والدین نے اسکول کے روبرو اور پولیس اسٹیشن کے پاس زبردست احتجاج کیا اور اسکول پرنسپل مادھوی کی لاپرواہی کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔
بچی کی والدہ کا کہنا تھا کہ میری 4 سالہ بچی کئی دنوں سے ذہنی تناؤ کا شکار تھی،لڑکی خاموش رہتی تھی، کمزور ہوتی جارہی تھی،۔ وہ کسی سے بات بھی نہیں کر رہی تھی۔ وہ ذہنی اور جسمانی طور پر بہت کمزور ہو گئی ہے۔ کسی سوال کا جواب بھی نہیں دے رہی تھی۔ اس نے ہمیں سارا واقعہ بتایا، پھر ہم شکایت کرنے پولیس اسٹیشن گئے۔
اسکول کے بہت سے بچے پرنسپل کے چیمبر کے سامنے ریپ کرنے والے ڈرائیور سے ڈرتے ہیں۔ ملزم نے واردات کو پرنسپل کے چیمبر کے سامنے واقع لیب میں انجام دیا۔ وہ لڑکی کو دھمکی دیتا تھا کہ اگر اس نے واقعہ کے بارے میں کسی کو بتایا تو وہ اسے نہیں چھوڑے گا۔ پولیس بنجارہ ہلز نے اسکول پرنسپل کو بھی گرفتار کرلیا اور دونوں ملزمین کو پوکسو کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جارہا ہے۔



