نئی دہلی، 25اگست:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)نیشنل کمیشن فار پروٹیکشن آف چلڈرن (این سی پی سی آر) نے حیدرآباد پولیس سے کہا ہے کہ وہ ان لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرے جنہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے معطل رہنما ٹی راجہ سنگھ کے خلاف احتجاج میں بچوں کا استعمال کیا اور ان سے نعرے لگوائے۔ واضح ہوکہ پیغمبر اسلام کے بارے میں راجہ سنگھ کے مبینہ ریمارکس کے الزام کے خلاف حیدرآباد میں احتجاج ہوا ہے۔
اسکول کے بچوں نے بھی اس میں نعرے لگائے۔ حیدرآباد پولیس کو لکھے ایک خط میں، این سی پی سی آر نے کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ویڈیو کلپس میں بچے قابل اعتراض نعرے لگاتے ہوئے اور بی جے پی کے معطل لیڈر کو پھانسی دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ کمیشن نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ بچوں کو متاثر کیا گیا اور انہیں احتجاج میں سیاسی آلہ کار کے طور پر استعمال کیا گیا۔
این سی پی سی آر نے کہا کہ کمیشن اسے غیر منصفانہ سمجھتا ہے اور اس کا از خود نوٹس لیتا ہے، کیونکہ بنیادی طور پر جووینائل جسٹس (بچوں کی دیکھ بھال اور تحفظ) ایکٹ، 2015 کی متعلقہ دفعات کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہاکہ کمیشن آپ پر زور دیتا ہے کہ ملزم کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج کریں اور معاملے کی تحقیقات کریں۔
اس کے علاوہ ویڈیو میں نظر آنے والے بچوں کی شناخت کر کے چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے تاکہ ان کا بیان ریکارڈ کیا جا سکے اور جووینائل جسٹس (بچوں کی دیکھ بھال اور تحفظ) ایکٹ 2015 کے تحت ان کی کونسلنگ کی جا سکے۔ این سی پی سی آر نے کہا کہ ایف آئی آر کی کاپی، بچوں اور ان کے والدین کے بیانات اور متعلقہ ریکارڈ کے ساتھ کاروائی کی رپورٹ سات دنوں کے اندر کمیشن کو پیش کی جائے۔



