
امریکہ کے شکاگو میں ایک حیدرآبادی شخص کو گولی ماری گئی
اہل خانہ کی اپیل: دعاؤں کی درخواست
حیدرآباد :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)امریکہ کے شہر شکاگو میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک حیدرآبادی شہری محمد مجیب الدین کو مسلح ڈاکوؤں نے گولی مار دی۔ 43 سالہ محمد مجیب الدین کو فوری طور پر شدید زخمی حالت میں شکاگو یونیورسٹی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
واقعہ ایس۔ مشی گن ایوینیو کے قریب پیش آیا جب سیاہ فام ڈاکوؤں نے ان کی گاڑی روک کر لوٹنے کی کوشش کی۔ ذرائع کے مطابق، مجیب الدین نے مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے ان پر فائرنگ کردی۔ اس فائرنگ میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واردات کی مکمل تفتیش کی جارہی ہے اور مجرموں کو جلد عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
محمد مجیب الدین حیدرآباد کے پرانے شہر سے تعلق رکھتے ہیں اور کئی برسوں سے امریکہ میں مقیم ہیں۔ ان کے اہل خانہ نے عوام سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔



