میں ڈرنے والا نہیں ، ملکی مفاد کیلئے آواز اٹھاتا رہوں گا: راہل گاندھی
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے وائناڈ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی پر تنقید کی
وائناڈ ؍نئی دہلی،11؍اپریل:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے وائناڈ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی پر تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ میرا گھر 50 بار لے لو، میں وایناڈ اور ہندوستان کے لوگوں کا مسئلہ اٹھاتا رہوں گا۔ چار سال پہلے میں یہاں آیا اور آپ کا ایم پی بنا۔ میرے لیے مہم ایک مختلف قسم کی مہم تھی۔ ان کا خیال ہے کہ وہ پولیس بھیج کر یا میرا گھر لے کر مجھے ڈرا دیں گے، لیکن مجھے خوشی ہے کہ انہوں نے میرا گھر لے لیا،لیکن وہ مجھے ڈرا نہیں سکتے۔راہل گاندھی نے کہا کہ ایم پی صرف ایک ٹیگ ہے۔ یہ ایک ایسا پوسٹ ہے جس سے بی جے پی ٹیگ ہٹا سکتی ہے، وہ عہدہ لے سکتی ہے، وہ گھر لے سکتی ہے اور وہ مجھے جیل میں بھی ڈال سکتی ہے،لیکن وہ مجھے وائناڈ کے لوگوں کی نمائندگی کرنے سے نہیں روک سکتی۔
میں نے پی ایم مودی سے پارلیمنٹ میں ایک صنعت کار کے بارے میں سوال پوچھا کہ وہ اڈانی کے ساتھ اپنے تعلقات کی وضاحت کریں۔ پہلی بار آپ نے دیکھا کہ حکومت خود پارلیمنٹ کو چلنے نہیں دے رہی ہے۔ کچھ بھی ہو جائے، لیکن میں رکنے والا نہیں ہوں۔لوک سبھا سے نااہل قرار دیے جانے کے بعد کانگریس لیڈر راہل گاندھی منگل کو پہلی بار وائناڈ پہنچے۔ ان کے ساتھ ان کی بہن پرینکا گاندھی واڈرا بھی موجود تھیں۔ راہل گاندھی کے استقبال کے لیے بڑی تعداد میں لوگ بشمول لیڈران اور پارٹی کارکنان جمع تھے۔



