
لکھنؤ 22 دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) خواتین کو سیاست کے مرکزی دھارے میں لانے پر زور دیتے ہوئے اتر پردیش میں کانگریس کی انتخابی لکیرکھینچنے کی کوشش کرتے ہوئے پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے خود کو مشہور فلم دیوارکے ڈائیلاگ سے جوڑتے ہوئے کہاہے کہ میرے پاس بہنیں (خواتین) ہیں۔
پرینکاگاندھی نے بدھ کو ایک ٹی وی چینل سے بات چیت میں خود کو فلم دیوارکے مشہور ڈائیلاگ سے جوڑاہے۔ان سے پوچھا گیاہے کہ کیا اتر پردیش میں کانگریس کی ذات یا مذہب کی کوئی بنیاد نہیں ہے، اس لیے انھوں نے خواتین کے بارے میں بات کرنا شروع کر دی ہے۔
اس پر پارٹی جنرل سکریٹری نے کہاہے کہ کیا آپ نے فلم دیوار میں امیتابھ بچن کا وہ ڈائیلاگ سناہے؟ جس میں امیتابھ بچن نے اپنے بھائی (فلم میں امیتابھ کے بھائی کا کردار ادا کر رہے ششی کپور) سے پوچھا تھا کہ میرے پاس کار ہے، میرے پاس بنگلہ ہے۔ یہ ہے… وہ ہے۔تب ششی کپور نے کہاہے کہ میرے پاس ماں ہے۔
تو میں کہہ رہی ہوں کہ میرے پاس بہنیں(عورتیں) ہیں۔ اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں پرینکا گاندھی سیاست پر زیادہ توجہ دے رہی ہیں، خاص طور پر خواتین پر مرکوز ہے۔ انہوں نے اتر پردیش کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں خواتین کو 40 فیصد ٹکٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔
اس کے علاوہ پرینکاگاندھی نے 8 دسمبر کو کانگریس کا خواتین کا پہلا مینی فیسٹو شکتی ودھان جاری کیا ہے۔اس منشور میں انہوں نے اتر پردیش میں کانگریس کی حکومت بننے پر سرکاری ملازمتوں میں خواتین کو 40 فی صد ریزرویشن دینے کا وعدہ کیا ہے، راشن کی دکانوں میں خواتین کے لیے 40 فی صد ریزرویشن دیں گے۔
انہوں نے خواتین کوٹیکس میں چھوٹ، منریگا میں خواتین کو ترجیح دینے اور پولیس فورس میں خواتین کو 25فی صد عہدے دینے سمیت کئی وعدے کیے ہیں۔پرینکاگاندھی تقریباً ہر ریلی میں خواتین سے اپنی طاقت کو پہچاننے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔
منگل کوالہ آباد میں وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے منعقدہ خواتین کانفرنس کو بتاتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم خواتین کی طاقت کے سامنے جھک گئے ہیں، اسی لیے یہ پروگرام منعقد کیا گیا ہے۔



