میں نے اپنی زندگی میں ایسا وزیر اعظم نہیں دیکھا، شرد پوار کا پی ایم مودی پر حملہ
این سی پی چیف شرد پوار نے آج پی ایم مودی کا نام لیے بغیر انھیں شدید طور پر تنقید کا نشانہ بنایا
ممبئی، 16نومبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) این سی پی چیف شرد پوار نے آج پی ایم مودی کا نام لیے بغیر انھیں شدید طور پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ میں نے اپنے وقت میں کئی وزرائے اعظم کو دیکھا اور ان کی تقریریں سنی ہیں، لیکن میں نے زندگی میں کبھی ایسا کوئی وزیر اعظم نہیں دیکھا جو کسی ریاست میں جانے کے بعد وہاں کے وزرائے اعلیٰ پر ذاتی بیان دیتا ہو۔ میں نے کبھی ایسا کوئی وزیر اعظم نہیں دیکھا جو کسی وزیر اعلیٰ کا نام لے کر ان پر الزامات عائد کرتے ہوں۔دراصل شرد پوار ممبئی میں مرچنٹ ایسو سی ایشن کی ایک میٹنگ میں کاروباریوں کو خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران انھوں نے کاروباریوں اور کسانوں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ پھر انھوں نے کسانوں اور کاروباریوں کے مفادات کو لے کر مرکزی حکومت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
شرد پوار نے کہا کہ کاروباری اور کوآپریٹیو شعبہ میں جو بھی عوامی فلاح پر مبنی قانون پاس کیے گئے ہیں، وہ کسانوں اور کاروباریوں کے مفاد میں نہیں لگتے۔ ہر کاروباری اور کسان چار پیسے کمانے کے لیے محنت کرتے ہیں، لیکن اس معاملے میں حکومت کا نظریہ ٹھیک نہیں ہے۔ حکومت نے جو بھی پالیسیاں تیار کی ہیں وہ کسانوں اور کاروباریوں کے مفاد میں نہیں ہیں۔ افسوس ہے کہ پی ایم مودی کی توجہ اس مسئلہ کی طرف نہیں ہے۔این سی پی چیف نے اس دوران ایک سوال کے جواب میں مہاوکاس اگھاڑی میں سیٹوں کی تقسیم سے متعلق جواب بھی دیا۔ انھوں نے کہا کہ جلد ہی کانگریس، این سی پی اور شیوسینا کے لیڈران کے ساتھ مقامی پہلوو?ں پر غور و خوض کیا جائے گا، اس کے بعد تینوں پارٹیوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم ہوگی۔



