کالی ماں کے خلاف متنازعہ تبصرہ کے بعد : مہوا موئترا کیخلاف شکایات کی جھڑی ،مہوا نے کہا ، میں پیچھے نہیں ہٹوں گی
کولکاتہ ، 6جولائی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)’کالی ماں ‘ کے با رے میں متنازعہ ریمارکس کے بعد ٹی ایم سی ایم پی مہوا موئترا کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ معلومات کے مطابق ان کیخلاف کئی شکایتیں درج کی گئی ہیں۔ ان کیخلاف چوتھی شکایت بنگال میں درج کی گئی ہے۔ بی جے پی نے مغربی بنگال کے کرشن نگر میں موئترا کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ اس دوران مہوا موئترا نے ٹویٹ کیا کہ وہ کالی ماں کی پوجا کرتی ہیں۔ وہ غنڈوں اور پولیس سے نہیں ڈرتی ہے ، اور نہ وہ پیچھے ہٹنے والی نہیں ہے۔دراصل ہندوستانی نژاد کینیڈین فلم ساز لیلا منی میک لائی نے دستاویزی فلم کا ایک متنازعہ پوسٹر جاری کیا۔
اس پوسٹر میں کالی ماں کو سگریٹ پیتے ہوئے اپنے ہاتھ میں ہم جنس پرستوں کا جھنڈا لہراتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس کے بعد ملک کے ہندؤں میں کھلبلی مچ گئی ہے،ایودھیا کے ایک مہنت نے فلمسازکا سر قلم کرنے کی دھمکی بھی دے ڈالی ہے۔ بی جے پی نے ٹی ایم سی ایم پی سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب ٹی ایم سی نے بھی اپنے بیان سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے، اور ان کے بیان کو ذاتی بیان قرار دیا۔
چاروں طرف سے گھرا دیکھ کر ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ نے بھی اپنا رویہ کم نہیں کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر ٹی ایم سی کو اَن فالو کر دیا ہے۔مہوا موئترا کیخلاف مغربی بنگال کے کرشن نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ اس سے قبل مدھیہ پردیش میں بھی ان کے خلاف پولیس شکایت درج کی گئی تھی۔ بی جے پی لیڈر شوبھندو ادھیکاری نے کہا کہ ٹی ایم سی نے ہمیشہ ہندو دیوتاؤں کی توہین کی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کے بیانات کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور مہوا موئترا کو اپنے ریمارکس کے لیے عوامی طور پر معافی مانگنی چاہیے۔



