کوئمبٹور، 26 ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) ہندوستانی فضائیہ کے ایک فلائٹ لیفٹیننٹ Flight Lieutenant رینک کے افسر کو اتوار کو تمل ناڈو کے کوئمبٹور میں ایک خاتون افسر کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزم افسر امیتیش کی عمر 26 سال ہے جبکہ الزامات لگانے والی خاتون افسر کی عمر 27 سال ہے۔ملزم چھتیس گڑھ کا رہائشی ہے۔خاتون کا کہنا ہے کہ اس نے دو ہفتے قبل شکایت ہندوستانی فضائیہ کے افسران کو کی تھی لیکن وہاں سے کوئی تسلی بخش کارروائی نہیں ہوئی۔
اس کے بعد وہ پولیس کے پاس جانے پر مجبور ہوئی۔ ایئر فورس کالج میں تربیت کے لیے آنے والی خاتون افسر نے بتایا کہ جنسی زیادتی کا واقعہ ایئر فورس ایڈمنسٹریٹو کالج، ریڈ فیلڈز کوئمبٹور میں اس کے کمرے میں پیش آیا۔متاثرہ کے بیان کے مطابق کھیل کے دوران چوٹ کی وجہ سے اس نے اپنے کمرے میں سونے سے پہلے کچھ ادویات لی تھی لیکن بعد میں جب وہ بیدار ہوئی تو اسے احساس ہوا کہ اس کے ساتھ جنسی زیادتی ہوئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ تقریبا 15 دن پہلے کئے گئے جرم کے ملزم امتیش کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم تروپور ضلع کی اڈومالپیٹ جیل میں بند ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ آئی اے ایف حکام نے امیتیش پر کارروائی کرنے میں مبینہ طور پر ناکام ہونے کے بعد خاتون افسر نے پولیس شکایت درج کرائی۔



