قومی خبریں

آئی آئی ٹی کی طالبہ کے جنسی استحصال کے الزام میں آئی اے ایس افسر گرفتار

منڈی ؍ شملہ ، 7جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) ہماچل پردیش کے منڈی ضلع میں آئی آئی ٹی کی طالبہ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور جنسی زیادتی کے ملزم ایک آئی اے ایس افسر کو گرفتاری کے بعد 14 دن کے لیے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ یہ سارا معاملہ صوبہ جھارکھنڈ کے کھونٹی ضلع میں ہوا ہے۔ آئی آئی ٹی منڈی کی طالبہ انٹرن شپ کے لیے جھارکھنڈ گئی تھی۔ متاثرہ کا تعلق اصل میں مدھیہ پردیش سے ہے۔پولیس نے ملزم سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) سید ریاض احمد کو گرفتار کر لیا ہے۔

کھونٹی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) امان کمار نے کہا کہ ایک طالبہ کے ساتھ زبردستی اور بدسلوکی کے الزامات ہیں، یہ طالبہ آئی آئی ٹی، ہماچل پردیش سے اپنی رہائش گاہ پر انٹرن شپ کے لیے آئی تھی۔ضلع کھونٹی میں تعینات ایس ڈی ایم اور 2019 بیچ کے آئی اے ایس افسر سید ریاض احمد پر الزام ہے کہ انہوں نے ہفتہ 2 جولائی کو اپنی رہائش گاہ پر متاثرہ کا بوسہ لیا اور غیرشائستہ سلوک کیا تھا،پارٹی میں شراب پیش کرنے کا بھی الزام ہے۔

 ایس پی نے کہا کہ آئی آئی ٹی کے طالبہ جو انٹرن شپ پروگرام کے سلسلے میں کھونٹی آئی تھی، انہیں ایس ڈی ایم ریاض احمد نے یکم جولائی کو اپنی سرکاری رہائش گاہ پر ایک پارٹی میں مدعو کیا تھا۔ متاثرہ طالبہ کے مطابق جب وہ 2 جولائی کی صبح رات بھر جاری پارٹی کے بعدایس ڈی ایم کی رہائش گاہ سے نکل رہی تھی، آئی اے ایس افسر نے موقع دیکھتے ہوئے اس کے ساتھ فحش حرکات کی اور بوسہ لینے کی کوشش کی۔ متاثرہ نے واقعہ کی اطلاع مقامی خواتین پولیس اسٹیشن کو دی، لیکن پیر کی شام کو اس کے بیان پر ایس ڈی ایم کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button