اسپورٹس

آئی سی سی ون ڈے رینکنگ: وراٹ کوہلی کی بادشاہت قائم،بابر اعظم دوسرے نمبر پر پہنچے

دبئی :(اردودنیا.اِن)پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین جاری ون ڈے سیریز کے درمیان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے کرکٹ کے لیے بلے بازوں کی درجہ بندی جاری کردی ہے۔ آئی سی سی کی جاری کردہ تازہ ترین رینکنگ میں ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی 857 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میں سنچری بنانے والے بابر اعظم تازہ ترین درجہ بندی میں دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

وہ کوہلی سے صرف پانچ پوائنٹس پیچھے ہیں۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم 852 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔اسی کے ساتھ ہی ہندوستان کے اوپنر روہت شرما جو طویل عرصے سے دوسرے نمبر پر تھے اب تازہ ترین درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ان کے 825 پوائنٹس ہیں۔ نیوزی لینڈ کے راس ٹیلر چوتھے اور آسٹریلیا کے ایرون فنچ پانچویں نمبر پر ہیں۔پاکستان کے بلے باز فخر زمان کی جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں 193 رنز کی اننگز نے انہیں آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں 12 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں

دوسری جانب جنوبی افریقہ کے راسی وین ڈیر ڈوسن بھی پاکستان کے خلاف پہلے اور دوسرے ون ڈے میچوں میں بالترتیب 123 اور 60 رنز بنا کر کیریئر کی بہترین 22 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔گیندبازوں میں جنوبی افریقہ کے اینریک نورٹجی نے کیریئر کی بہترین 73 ویں پوزیشن حاصل کی ہے ،

انہوں نے پاکستان کے خلاف پہلے دو ون ڈے میچوں میں سات وکٹیں حاصل کیں۔ اسی دوران ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف نیوزی لینڈ کے لئے ڈیبو کرنے والے فن ایلن تیسرے میچ میں 29 گیندوں پر 71 رنز کی بدولت ٹاپ 100 بلے بازوں میں شامل ہوگئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی بنگلہ دیش کے خلاف آخری میچ میں 15 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کرنے کے بعد کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن پر آ گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button