چندا کوچر اور ان کے شوہر کو اسپیشل کورٹ نے 3 دنوں کے لیے سی بی آئی ریمانڈ میں بھیجا
ویڈیوکون قرض معاملہ میں گرفتار آئی سی آئی سی آئی بینک کی سابق چیف ایگزیکٹیو افسر اور منیجنگ ڈائریکٹر چندا کوچر کے ساتھ ساتھ دیپک کوچر کو بھی آج سی بی آئی کی اسپیشل کورٹ میں پیش کیا گیا
نئی دہلی، 24دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) ویڈیوکون قرض معاملہ میں گرفتار آئی سی آئی سی آئی بینک کی سابق چیف ایگزیکٹیو افسر اور منیجنگ ڈائریکٹر چندا کوچر کے ساتھ ساتھ دیپک کوچر کو بھی آج سی بی آئی کی اسپیشل کورٹ میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے دونوں کو ہی تین دنوں کے لیے سی بی آئی ریمانڈ میں بھیجنے کا فیصلہ سنایا ہے۔ یعنی چندا کوچر اور دیپک کوچر 26 دسمبر تک سی بی آئی کے حوالے کر دیئے گئے ہیں۔دراصل عدالت میں سماعت کے دوران سی بی آ ئی کے وکیل نے کہا کہ ہم نے چندا کوچر اور دیپک کوچر کو نوٹس بھیجا تھا۔ اس کے باوجود بھی وہ جانچ میں تعاون نہیں کر رہے ہیں۔
سی بی آئی نے عدالت سے دونوں ملزمین کے لیے پولیس حراست کی مانگ کی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ ایک دن قبل ہی چندا کوچر اور ان کے شوہر دیپک کوچر کو دہلی سے ممبئی لایا گیا تھا۔سی بی آئی کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ ویڈیوکون کو قرض دینے کی وجہ سے آئی سی آئی سی آئی بینک کو 1730 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ چندا کوچر کے آئی سی آئی سی آئی بینک میں عہدہ سنبھالنے کے بعد ویڈیوکون کی الگ الگ چھ کمپنیوں کو قرض دیئے گئے۔ ان میں سے دو قرض ان کمیٹیوں نے دیئے جن میں چندا کوچر رکن تھیں۔ وکیل نے الزام عائد کیا کہ چندا کوچر نے ویڈیوکون گروپ کو قرض دینے کے معاملے میں دیگر کمیٹیوں کو بھی متاثر کیا تھا۔



