نئی دہلی،18فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی کے پولیس کمشنر راکیش استھانہ نے کہا کہ سیما پوری کے ایک گھر سے اور گزشتہ ماہ غازی پور بازار سے ملے آئی ای ڈی (دھماکہ خیز مواد) شہر میں عوامی مقامات کو دھماکے سے اڑانے کے ارادے سے بنائے گئے تھے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس طرح کی سرگرمیاں یقینی طور پرمقامی لوگوں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔
دہلی پولیس کے حکام نے بتایا کہ شمال مشرقی دہلی کے پرانی سیما پوری علاقہ میں ایک بیگ میں آئی ای ڈی ملنے کے ایک دن بعد پولیس نے سیکورٹی بڑھا دی ہے اور اضافی اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2.5 سے 3 کلو گرام وزنی ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلہ (IED) کو بعد میں تباہ کر دیا گیا ،جب کہ پولیس گھر کے مالک اور ایک پراپرٹی ڈیلر سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
پہلا آئی ای ڈی 17 جنوری کو ملا تھا، اسی طرح کا آئی ای ڈی پرانی سیما پوری میں بھی ملا تھا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے پولیس کمشنر راکیش استھانہ نے کہا کہ 17 جنوری کو غازی پور میں ایک آئی ای ڈی ملا تھا اور اسی طرح کا آئی ای ڈی جمعرات کو پرانی سیما پوری میں ملا تھا جسے ضائع کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے مطابق یہ آئی ای ڈی عوامی مقامات پر دھماکے کرنے کی ناپاک سازش سے بنائے گئے تھے۔ایسی سرگرمیاں مقامی تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ اسپیشل برانچ اور دیگر ٹیمیں معاملے کی تحقیقات کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم دہلی میں اس طرح کے کسی بھی واقعے کو روکنے اور کسی بھی مقامی اور غیر ملکی نیٹ ورک کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید معلومات فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔



