بین الاقوامی خبریں

اسرائیل ایرانی عوام کیخلاف حرکت میں آیا تو اس کے قلب کو نشانہ بنائیں گے: رئیسی

تہران، 18اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا ہے کہ اگر اسرائیل نے ایران کے خلاف ادنیٰ سی حرکت بھی کی تو ایرانی مسلح افواج اسرائیل کے قلب کو نشانہ بنائیں گی۔آج پیر کے روز ایک فوجی پریڈ سے خطاب میں رئیسی کا کہنا تھا کہ اگر تم لوگوں نے ہمارے عوام کے خلاف ادنی سی حرکت بھی کی تو ہماری مسلح افواج کا رخ تمہاری حکومت کے قلب کی جانب ہو گا۔

رئیسی کے خطاب کو ایران کے سرکاری ٹی وی پر نشر کیا گیا۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ ایران کا ایک جوہری ریاست بننا ہر گز قبول نہیں کرے گا۔ تہران اور بڑی عالمی طاقتیں اس وقت 2015میں طے پانے والے جوہری معاہدے کو بحال کرنے کی کوششوں میں ہیں۔بدھ کے روز اسرائیلی سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ ایران جوہری ہتھیار تیار کرنے کے لیے مطلوب افزودہ یورینیم حاصل کرنے کے قریب پہنچ چکا ہے۔

یروشلم پوسٹ اخبار کے مطابق مذکورہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران 60فیصد افزوہ یورینیم کی ایک بڑی مقدار حاصل کرنے کے قریب ہو رہا ہے جو ایک بم تیار کرنے کے لیے کافی ہے۔ یہ امر سرخ لکیر ہے جس کو مغربی ممالک نے بات چیت میں رکھا تھا۔ایک سفارتی ذریعے کے مطابق ایرانیوں نے ابھی تک درمیان کے حل کے لیے یورپی ممالک کی کسی تجویز کو قبول نہیں کیا ہے۔

ایرانیوں نے کسی بھی معاہدے تک پہنچنے کے لیے یہ بنیادی شرط رکھی ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب کا نام غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی امریکی فہرست سے خارج کیا جائے۔دوسری جانب اسرائیلی ذمہ داران نے یورپی مذاکرات کاروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بات کی ضمانت دیں کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی (آئی اے ای اے) ایران کے جوہری پروگرام کے ممکنہ عسکری زاویوں کے حوالے سے جاری تحقیقات بند نہیں کرے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button