قومی خبریں

اگرنہرو چاہتے تو گوا کو 1947 میں چند گھنٹوں میں آزاد کرایا جا سکتا تھا: پی ایم مودی

پنجی ،11؍ فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کانگریس پارٹی پر طنز کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ اگر پنڈت جواہر لال نہرو چاہتے تو 1947 میں جب ہندوستان نے آزادی حاصل کی تھی تو گوا چند گھنٹوں میں آزاد ہو سکتا تھا۔ لیکن اس ریاست کو پرتگالی راج سے آزاد ہونے میں 15 سال لگے۔

14 فروری کو گوا ریاستی انتخابات سے قبل ماپوسا میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ کانگریس گوا کے ساتھ دشمن جیسا سلوک کرتی رہی ہے اور وہی اب بھی سلوک جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے گوا کے سیاسی کلچر اور اس کے نوجوانوں کی امنگوں کو کبھی نہیں سمجھا۔

پی ایم مودی نے کہا کہ ایسے بہت سے تاریخی حقائق ہیں جو عوام سے چھپاکر رکھا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تین دن پہلے میں نے پارلیمنٹ میں یہ کہا تھا اور ملک کو سچ بتایا تھا کہ کس طرح کانگریس نے گوا کی آزادی کی تحریک کو تباہ کیا۔

پی ایم کے بیان پر چدمبرم کا پلٹ وار نہرو نے گوامیں صحیح وقت پر مداخلت کی تھی، تاریخ کے ساتھ چھیڑ چھاڑکی ہورہی ہے کوشش

کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے جمعہ کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا یہ بیان کہ گوا کی آزادی پنڈت جواہر لال نہرو کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئی، تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش تھی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت نہرو نے مناسب وقت پر گوا میں مداخلت کی تھی۔

ایک رپورٹ کے مطابق چدمبرم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گوا میں آئندہ اسمبلی انتخابات جیتنے والا ایک بھی ایم ایل اے اس بار بی جے پی کیمپ میں شامل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا گھر مکمل طور پر محفوظ ہے، چور ابھی تک باہر ہے لیکن لوگ اسے سبق سکھائیں گے۔

چدمبرم نے کہا کہ نریندر مودی اور امت شاہ کو دوسری جنگ عظیم کے بعد کی دنیا کی تاریخ کا علم نہیں ہے۔ وہ آزادی کے بعد ہندوستان کی تاریخ کے بارے میں نہیں جانتے، وہ نہیں جانتے کہ جواہر لعل نہرو نے ہندوستان کی باگ ڈور سنبھالی جس سے ہمارا ملک امن کا چمپئن بن گیا۔

انہوں نے کہا کہ پنڈت نہرو نے عین وقت پر گوا کی آزادی میں مداخلت کی تھی اور اسی وجہ سے فوجی کارروائی کے خلاف ایک آواز بھی نہیں اٹھی۔ آزادی کے بعد نہرو نے گوا کے لوگوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے رائے شماری کی پیشکش کی تھی اور اس کے لیے ان کی رائے مانگی تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button