
اندور،11؍اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) عام لوگوں کی مرضی سے’ فعال سیاست‘میں آنے کی اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس صدر سونیا گاندھی کے داماد صنعت کار رابرٹ واڈرا نے کہا ہے کہ سیاست میں داخل ہو کر وہ بڑے پیمانے پر لوگوں کی خدمت اور مدد کریں گے۔
جب ان سے فعال سیاست میں آنے کے امکانات کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں سیاست کو سمجھتا ہوں اور اگر عام لوگ چاہتے ہیں کہ میں ان کی نمائندگی کروں اور اگر میں ان کے لیے کوئی تبدیلی لا سکتا ہوں تو میں یہ قدم ضرور اٹھائوں گا۔
اجین کے مہاکالیشور جیوترلنگ اور دیگر مندروں میں پوجا کرنے کے بعدواڈرا نے کہا کہ میرے خیراتی کام 10 سال سے زیادہ عرصے سے جاری ہیں اور جاری رہیں گے۔ گرچہ کتنا بھی وقت لگے، اور گرچہ میں سیاست میں جائوں یا نہ جائوں، میں عوام کی خدمت کر رہا ہوں، اور کرتا رہوں گا ۔
واڈرا نے کہا کہ دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔ ہم روز خاندان میں بات کرتے ہیں کہ آج کل کیسی سیاست ہو رہی ہے اور ملک کیسے بدل رہا ہے۔ واڈرا نے یہ بھی کہا کہ آج میڈیا سچ بولنے سے ڈرتا ہے۔ یہ سب چیزیں جمہوریت کا حصہ نہیں ہیں۔
یہ چیزیں ملک کو آگے نہیں لے جائیں گی، صرف پسماندہ ہوں گی۔اتر پردیش میں گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس جنرل سکریٹری کے طور پر پرینکا گاندھی واڈرا کی کارکردگی پر ان کے شوہر نے کہاکہ میں پرینکا کو 10 میں سے 10 نمبر دینا چاہوں گا۔ انہوں نے ان انتخابات میں دن رات ایک کر دیا تھا۔
تاہم ہم اتر پردیش کے انتخابی مینڈیٹ کو قبول کرتے ہیں اور اس ریاست کے عوام کے مفاد میں تندہی سے کام کرتے رہیں گے۔



