اگر نوٹ بندی کامیاب تھی تو کرپشن ختم کیوں نہیں ہوا؟نوٹ بندی کے 5 سال پر پرینکا گاندھی کا مرکزی حکومت سے 5 سوال
نئی دہلی ،08؍ نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)پانچ سال پہلے آج ہی دن کیے گئے اعلان نے پورے ملک میں قہر برپا کردیا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 8 نومبر کو قوم سے خطاب کرتے ہوئے 500 اور 1000 روپئے کے نوٹوں کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس فیصلے کی وجہ سے عام آدمی کو کئی دنوں تک پیسوں کے لیے بینکوں کے باہر قطار میں لگنا پڑا۔
کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے پیر کو نوٹ بندی کے 5 سال پورے ہونے پر مودی حکومت سے 5 سوالات پوچھے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر نوٹ بندی کامیاب تھی تو کرپشن ختم کیوں نہیں ہوا؟نوٹ بندی کو ’آفات ‘قرار دیتے ہوئے پرینکا گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ اگر نوٹ بندی کامیاب رہی توپھر بدعنوانی ختم کیوں نہیں ہوئی؟
کالا دھن واپس کیوں نہیں آیا؟ ،معیشت کیش لیس کیوں نہیں ہوئی؟ ،دہشت گردی ختم کیوں نہیں ؟، مہنگائی کنٹرول میں کیوں نہیں ہوئی؟۔
واضح رہے کہ کانگریس سمیت تمام سیاسی پارٹیاں حکومت کے نوٹ بندی کے فیصلے پر ابھی تک تنقید کرتی رہی ہیں ۔ اپوزیشن نے نوٹ بندی کو ہندوستانی معیشت کا ’سیاہ دن‘ قرار دیا تھا۔ تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ یہ قدم ملک میں موجود کالے دھن اور جعلی کرنسی کے مسئلے سے چھٹکارا پانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔



