قومی خبریں

انتخابات کے وقت عوام کو خوش کرنے لیے 1،2 روپئے قیمتیں کم کرکے آئوگے تو ملے گامناسب جواب : پرینکا گاندھی کا بی جے پی پر نشانہ

نئی دہلی،03؍ نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)تہواروں کے موسم میںپٹرول اور ڈیزل سے لے کر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ ایک ماہ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 8 سے 9 روپئے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔ سبزی اور کھانے کا تیل بھی مہنگا فروخت ہورہا ہے۔ اپوزیشن مہنگائی کے حوالے سے مسلسل حکومت کو نشانہ بنا رہی ہے۔

ادھر کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے مہنگائی پرحکومت کو گھیرتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار وں کا وقت ہے اور عام آدمی مہنگائی سے پریشان ہے۔ عوام معاف نہیں کرے گی۔پرینکا گاندھی نے کہاکہ یہ تہوار کا وقت ہے، عوام مہنگائی سے پریشان ہیں۔

بی جے پی حکومت کی لوٹ والی سوچ نے تہوار وں سے پہلے مہنگائی کم کرنے کے بجائے، گیس سلنڈر، پیٹرول، ڈیزل، تیل، سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔ عوام کو خوش کرنے کے لیے الیکشن کے وقت بی جے پی 1-2 روپئے کم کرکے عوام کے درمیان جائے گی، تب اسے مناسب جواب ملے گا، لوگ معاف نہیں کریں گے۔

پرینکا گاندھی کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں اب تک کی بلند ترین سطح پر ہیں۔ دہلی میں پٹرول 110 روپئے سے زائدہے جبکہ ڈیزل 98 روپئے سے زیادہ فروخت ہو رہا ہے۔ ممبئی میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت بالترتیب 115.85 روپئے اور 106.62 روپئے فی لیٹر ہے۔ یکم نومبر کو کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں 266 روپئے کا اضافہ کیا گیا تھا۔

نیز سرسوں کے تیل میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ دہلی کے خوردہ بازار میں سرسوں کے تیل کی قیمت 21 اکتوبر کو 190 روپئے فی لیٹر تھی، جو یکم نومبر کو بڑھ کر 208 روپئے فی لیٹر ہو گئی۔ اس طرح گزشتہ دس دنوں میں سرسوں کا تیل 18 روپئے مہنگا ہو گیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button