کیمپس پلیسمنٹ میں تاریخ رقم، IIT حیدرآباد کے طالب علم کو 2.5 کروڑ کا پیکیج
IIT حیدرآباد کے طالب علم کو کیمپس پلیسمنٹ میں 2.5 کروڑ روپے سالانہ کا جاب آفر
حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی حیدرآباد کے ایک طالب علم نے کیمپس پلیسمنٹ کے دوران غیر معمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ادارے کی تاریخ کا سب سے بڑا جاب پیکیج اپنے نام کر لیا ہے، جہاں کمپیوٹر سائنس اینڈ انجینئرنگ کے فائنل ایئر بی ٹیک طالب علم ایڈورڈ ناتھن ورگیز کو نیدرلینڈز کی معروف ٹریڈنگ فرم Optiver کی جانب سے 2.5 کروڑ روپے سالانہ کا آفر دیا گیا ہے۔
ادارے کے حکام کے مطابق ایڈورڈ اس سے قبل اسی کمپنی میں دو ماہ کی انٹرن شپ مکمل کر چکے تھے، جس کے بعد ان کی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر انہیں پری پلیسمنٹ آفر دی گئی۔ 21 سالہ ایڈورڈ کی پیدائش اور ابتدائی پرورش حیدرآباد میں ہوئی، جبکہ ساتویں جماعت سے انٹرمیڈیٹ تک تعلیم بنگلورو سے حاصل کی۔ انہوں نے 2022 میں JEE Main میں آل انڈیا رینک 1100 اور JEE Advanced میں رینک 558 حاصل کی، جبکہ گزشتہ برس CAT امتحان میں 99.96 پرسنٹائل اسکور کیا۔ اس کے علاوہ وہ 2021 میں NCERT اسکالرشپ یافتہ رہے اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس میں کِشور ویگیانک پروتساہن یوجنا (KVPY) کے تحت فیلو بھی رہ چکے ہیں۔
ادارے نے یہ بھی بتایا کہ اسی پلیسمنٹ سیزن میں کمپیوٹر سائنس کے ایک اور طالب علم کو 1.1 کروڑ روپے سالانہ کا پیکیج ملا ہے، جبکہ اس سے قبل IIT حیدرآباد میں سب سے بڑا پیکیج 2017 میں تقریباً ایک کروڑ روپے تھا۔ ایڈورڈ جولائی میں Optiver میں باضابطہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔



