پرمٹ کے بغیر حج کی کوشش پر سخت کارروائی، غیر ملکیوں کو 10 سال کے لیے سعودی عرب میں داخلہ ممنوع
فوری طبی اقدام سے کرغیز حاجی کی جان بچا لی گئی
مکہ مکرمہ ،۴؍جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)سعودی وزارتِ داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ مملکت میں مقیم ایسے تمام غیر ملکی جو حج کے لیے باقاعدہ اجازت نامہ (پرمٹ) حاصل کیے بغیر مناسکِ حج ادا کرنے کی کوشش کریں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایسے افراد کو فوری طور پر ملک بدر کر دیا جائے گا اور ان پر آئندہ 10 سال کے لیے سعودی عرب میں داخلے پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔
وزارت نے واضح کیا کہ "ریگولر اور مستند حج پرمٹ” کا حصول ہر عازم کے لیے لازمی شرط ہے اور اس کی خلاف ورزی نہ صرف ملکی قوانین بلکہ حجاج کرام کی سلامتی کے اصولوں کے منافی ہے۔
مزید برآں، وزارتِ داخلہ نے شہریوں، مقیمین اور حجاج سے اپیل کی ہے کہ وہ حج کے تمام ضوابط و ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ ہر فرد امن، سہولت اور اطمینان کے ساتھ حج کے مقدس مناسک ادا کر سکے۔
نیز، ان ضوابط و ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کی اطلاع دینے کے لیے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور الشرقیہ صوبوں میں 911 پر، جب کہ سعودی عرب کے دیگر صوبوں میں 999 پر رابطہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
فوری طبی اقدام سے کرغیز حاجی کی جان بچا لی گئی
مکہ مکرمہ ،۴؍جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)سعودی عرب کے نئے طبی نظام نے ایک بار پھر اپنی افادیت ثابت کر دی ہے۔ کرغیزستان سے تعلق رکھنے والے ایک عازم حج کو مکہ مکرمہ میں شدید طبی حالت میں شاہ عبداللہ میڈیکل سٹی لایا گیا، جہاں فوری طبی مداخلت نے اس کی جان بچا لی۔
عازم حج کو "پلمونری ایمبولزم” یعنی پھیپھڑوں کی رگ میں خون جمنے کی مہلک کیفیت لاحق ہو گئی تھی، جو اگر بروقت علاج نہ کیا جاتا تو جان لیوا ثابت ہو سکتی تھی۔
مکہ ہیلتھ کلسٹر کے مطابق، ماہرین کی ‘پلمونری ایمبولزم ریسپانس ٹیم’ کو فوری متحرک کیا گیا، جس میں سینے کے امراض، انتہائی نگہداشت اور انٹروینشنل ریڈیولوجی کے ماہرین شامل تھے۔
جدید طریقۂ علاج کے تحت، مریض کو کیتھیٹر یونٹ میں منتقل کیا گیا اور براہ راست متاثرہ رگ میں دوا داخل کر کے خون کی رکاوٹ کو ختم کیا گیا۔ اس عمل کے بعد مریض کی حالت بہتر ہوئی اور اسے انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا۔
شاہ عبداللہ میڈیکل سٹی کو حج کے دوران ہنگامی طبی خدمات کا ایک مثالی مرکز تصور کیا جاتا ہے، جہاں ہمہ وقت ماہر ڈاکٹرز، نایاب تخصصات اور جدید ٹیکنالوجی دستیاب ہے۔



