
بلی تھیلے سے باہر آگئی : ہندوستانی نوٹوں پر گنیش ا ور لکشمی کی تصاویر بھی ہونی چاہیے : کجریوال
نئی دہلی، 26اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے سی ایم اروند کجریوال نے پریس کانفرنس کرکے مرکزی حکومت سے ایک اہم اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب چاہتے ہیں کہ ہندوستان ایک ترقی یافتہ ملک بنے اور ہندوستان ایک امیر ملک بن جائے، ہم سب چاہتے ہیں کہ ہر ہندوستانی، ہندوستان کا ہر خاندان ایک امیر خاندان بن جائے۔ اس کے لیے بہت سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ہم دیکھتے ہیں کہ جو لوگ کاروبار کرتے ہیں وہ یہاں لکشمی گنیش جی کی مورتی رکھتے ہیں، ایسے میں میں مرکزی حکومت سے اپیل کرتا ہوں، ہماری کرنسی پر گاندھی جی کی تصویر وہیں رہے لیکن اس کے ساتھ ہندوستانی کرنسی پر لکشمی اور گنیش کی تصویریں بھی لگائی جائیں۔
دہلی کے وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ اگر ایک طرف گاندھی جی کی تصویر اور دوسری طرف لکشمی، گنیش جی کی تصویر ہوگی تو پورے ملک کو اُن کا آشیرواد ملے گا۔ لکشمی کو خوشحالی کی دیوی مانا جاتا ہے اور گنیش تمام رکاوٹوں کو دُور کرتے ہیں، اس لیے ان دونوں کی تصویر نوٹوںپر لگانی چاہیے۔ہم تمام نوٹوں کو تبدیل کرنے کی بات نہیں کر رہے ہیں، لیکن یہ ان نئے نوٹوں پر شروع کیا جا سکتا ہے جو پرنٹ ہو نے ہیں۔
آہستہ آہستہ نئے نوٹ گردش میں آئیں گے۔ انڈونیشیا ایک مسلم ملک ہے جہاں 85% سے زیادہ مسلمان اور 2% سے کم ہندو ہیں لیکن انہوں نے اپنے نوٹ پر گنیش جی کی تصویر بھی چھاپی ہے، اس لیے میرے خیال میں یہ ایک بہت اہم قدم ہے جسے مرکزی حکومت کو اٹھانا چاہیے۔اس دوران انہوں نے کہا کہ ہمیں بڑی تعداد میں اسکول کھولنے ہوں گے، ہسپتال بنانا ہوں گے، سڑکیں اور انفرسٹرکچر بہت بڑے پیمانے پر تیار کرنا ہوں گے، لیکن کوششیں اس وقت ثمر آور ہوتی ہیں جب دیوی دیوتاؤں کا آشیرواد ہو۔



