بین الاقوامی خبریںسرورق

توشہ خانہ کیس میں تین سال اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا، عمران خان لاہور سے گرفتار

سیشن عدالت نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو تین سال قید کی سزا سنا دی۔

اسلام آباد :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف [پی ٹی آئی] کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی کے مقدمے میں سابق وزیر اعظم کو تین سال کی سزا سناتے ہوئے انہیں کرپٹ پریکٹس کا مرتکب قرار دیا ہے۔۔جج نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے، قابلِ سماعت ہونے کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔عدالت نے فیصلہ میں کہا ہے کہ ’ملزم نے الیکشن کمیشن میں جھوٹی تفصیلات جمع کروائیں، ملزم کرپٹ پریکٹسز کے مرتکب پائے گئے ہیں۔‘ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس ناقابل سماعت ہونے سے متعلق درخواست مسترد کردی گئی ہے۔

جج ہمایوں دلاور نے فیصلہ دیا کہ ملزم کیخلاف جرم ثابت ہوتا ہے،ملزم نے الیکشن کمیشن میں جھوٹی تفصیلات جمع کرائیں،ملزم کرپٹ پریکٹسز کے مرتکب پائے گئے ہیں۔عدالت نے سابق وزیر اعظم کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس کو انہیں گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔فیملی ذرائع کے مطابق پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کو لاہور سے ان کی رہائش گاہ زمان پارک سے گرفتار کیا ہے۔اسلام آباد پولیس ملزم کو لے کر زمان پارک سے روانہ ہو گئی۔ذرائع نے چیرمین پی ٹی آئی کو اسلام آباد لے جانے سے پہلے کوٹ لکھپت منتقل کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔

اسلام آباد میں پولیس کی جانب سے مختلف ناکوں پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ پولیس نے شہر میں سرگرم پی ٹی آئی کارکنان کی فہرستیں تیار کر لی ہیں، ممکنہ احتجاج کی صورت میں کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن کا امکان ہے۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین کی گرفتاری کو اعلیٰ عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق توشہ خانہ مقدمے کے ذریعے نظامِ عدل کی پیشانی پر ایک اور سیاہ دھبّہ لگایا گیا اور تاریخ کے بدترین ٹرائل میں انصاف کے قتل کی کوشش کی گئی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ سیشن عدالت کا فیصلہ سیاسی انتقام اور سیاسی انجینئرنگ کی بدترین مثال ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button