
امراوتی ، 20اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) آندھرا پردیش میں انسانیت کو شرما دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ حال ہی میں کورونا لہر میں اپنی ماں کو کھونے والی 13 سالہ لڑکی کے ساتھ آٹھ ماہ تک مسلسل اجتماعی زیادتی کی گئی۔ ان مہینوں میں 80 سے زیادہ لوگوں نے متأثرہ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس اسے منگل کو گنٹور سے بازیاب کرانے میں کامیاب رہی۔
ماں کی موت کے بعد بچی کو ہسپتال سے گھر لے جانے والی خاتون کو بھی پولیس نے گرفتار کر لیا جس نے اُسے اِس دلدل میں دھکیلا تھا۔پولیس تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ آٹھ ماہ میں 80 سے زیادہ مردوں نے اس کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی۔ پولیس نے بتایا کہ منگل کو بی ٹیک کے ایک طالب علم سمیت 10 لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس اس جرم میں ملوث 80 افراد کو گرفتار کرنے کی بھی تیاری کر رہی ہے۔ اس کی تلاش جاری ہے۔متاثرہ کو ایک خاتون سوورنا کماری نے گود لیا تھا، جس کی جون 2021 میں کرونا ایام میں متاثرہ کی ماں سے ایک اسپتال میں دوستی ہوگئی تھی۔ لڑکی کی ماں کرونا کے باعث جلد ہی فوت کرگئی، اس کے بعد وہ لڑکی کو اپنے گھر لے آئی ۔
تاہم یہ بات لڑکی کے والد سے چھپائی گئی۔اگست 2021 میں لڑکی کے والد نے پولیس سے رابطہ کیا اور شکایت درج کرائی۔ اس کی بنیاد پر پولیس نے مرکزی ملزم خاتون سوورنا کماری کی شناخت کی۔ اس معاملہ میں پہلی گرفتاری جنوری میں ہوئی تھی۔
منگل 19 اپریل کو، گنٹور ویسٹ زون پولیس نے 10 مزید گرفتاریاں کیں، جن میں ایک بی ٹیک طالب علم بھی شامل ہے۔ ملزم اور متاثرہ سے پوچھ گچھ کرنے پر پولیس کو متاثرہ کی حالت کی دردناک اور چونکا دینے والی حقیقت کا علم ہوا۔گزشتہ آٹھ ماہ سے ایک 13 سالہ لڑکی کو آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے مختلف قحبہ خانوں میں جسم فروشی کے کاروبار میں استعمال کرنے کے لیے بھیجا گیا تھا۔
اس کی بنیاد پر پولیس نے لڑکی کو لے جانے والی خاتون کی شناخت کی جو کہ نابالغہ کو جبراً جسم فروشی میں دھکیلنے کی مرکزی ملزمہ ہے۔ حکام کے مطابق 80 ملزمان کی شناخت کر لی ہے اور انہیں گرفتار کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔اے ایس پی نے انکشاف کیا کہ لڑکی کی عمر اور لاوارث ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کئی گروہوں نے لڑکی کو خریدا اور اسے دونوں ریاستوں کے مختلف مقامات پر لے جا کر جسم فروشی پر مجبور کیا۔
پولیس کچھ اور ملزمان کی تلاش کر رہی ہے ۔اے ایس پی نے کہا کہ اس کیس کا ایک ملزم لندن میں مقیم ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں ملزم سے ایک کار، 53 موبائل، تین آٹو اور ایک بائک برآمد کیا ہے۔ ملزمان کو وجئے واڑہ، حیدرآباد، کاکیناڈا اور نیلور سے گرفتار کیا گیا۔



