بین الاقوامی خبریں

سفاک باپ نے بیٹی کو مہینے تک زنجیروں میں جکڑے رکھا، فورسز نے کرایا رہا

ایک بے رحم باپ نے اپنی جوان بیٹی کو لوہے کی زنجیروں سے جکڑ کر ایک ماہ تک قید کئے رکھا۔

بغداد ،یکم اگست :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) عراق میں ظلم و ستم پر مبنی ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آگیا ہے۔ ایک بے رحم باپ نے اپنی جوان بیٹی کو لوہے کی زنجیروں سے جکڑ کر ایک ماہ تک قید کئے رکھا۔ اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز حرکت میں آئیں اور لڑکی کو آزاد کرا دیا۔ کرکوک گورنری میں سماجی روابط کی ویب گاہوں پر ایسی تصاویر پھیلائی گئیں جن میں مقامی پولیس کو ایک نوجوان خاتون کو آزاد کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس خاتون کو اس کے سفاک والد نے تقریباً 30 دنوں تک اپنے گھر میں قیدکر رکھا تھا۔کرکوک پولیس کے ایک سینئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مقامی پولیس کو تصدیق شدہ اطلاع ملی کہ ایک باپ نے اپنی بیٹی کو گھر کے اندر قید کر رکھا ہے اور اس کے پاؤں اور ہاتھوں کو زنجیروں میں جکڑ کر تالا لگایا ہوا ہے۔ والد نے خاندانی وجوہات کی بنا پر بیٹی کو قید کر رکھا تھا۔

پولیس فوری طور پر اس گھر پر پہنچ گئی اور لوہے کو کاٹنے کے لیے ایک ڈیوائس کا استعمال کرتے ہوئے نوجوان خاتون کو کھولا اور اسے کرکوک پولیس ڈائریکٹوریٹ منتقل کر دیا۔ خاتون کے والد کو گرفتار کرلیا گیا۔ قانونی اقدامات کرنے کے بعد کیس کو عدالت بھیج دیا گیا۔عراقی انسانی حقوق کی تنظیموں نے کہا ہے کہ ملک بھر میں گھریلو تشدد کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تشدد کے واقعات میں خواتین، بچوں اور بوڑھوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ گھر والوں پر تشدد کے واقعات سالانہ 15 ہزار سے بڑھ گئے ہیں۔ گھریلو تشدد کی روک تھام کے لیے ایک بل حکومتی کابینہ نے 2020 میں منظور کیا تھا ،لیکن اس بل کو تاحال پارلیمنٹ سے منظور نہیں کرایا جا سکا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button