
نئی دہلی یکم نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اکتوبر میں اشیا اور خدمات ٹیکس (GST) کی وصولی بڑھ کر 1.30 لاکھ کروڑ روپے ہوگئی، جو کہ 1 لاکھ کروڑ روپے سے اوپر لگاتار چوتھے مہینے اور تہوار کے سیزن میں اضافہ ہے۔یکم جولائی 2017 کو جی ایس ٹی کے نفاذکے بعد یہ دوسرا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2020 کے مقابلے میں گزشتہ ماہ کی جی ایس ٹی کی وصولی 24 فیصد زیادہ تھی۔
وزارت خزانہ نے ایک بیان میں کہاہے کہ اکتوبر 2021 میں جی ایس ٹی کی مجموعی آمدنی 1,30,127 کروڑ روپے رہی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ جی ایس ٹی کی وصولی کے اعداد و شمار اقتصادی بحالی کے رجحانات سے ملتے ہیں اور یہ دوسری لہر کے بعد سے ہر ماہ پیدا ہونے والے ای وے بلوں کے رجحانات سے بھی ظاہر ہوتا ہے۔
وزارت نے کہاہے کہ اگر سیمی کنڈکٹرز کی سپلائی میں رکاوٹ سے آٹوز اور دیگر مصنوعات کی فروخت متاثر نہ ہوتی تو ریونیو کی وصولی اور بھی زیادہ ہوتی۔



