راجستھان میں 69 آئی اے ایس افسران کا تبادلہ کرولی تشدد کی وجہ سے ضلع کلکٹر کو بھی ہٹا یا گیا
نئی دہلی ،14؍اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)راجستھان حکومت نے ایک بڑا انتظامی ردوبدل کرتے ہوئے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) کے 69 افسران کا تبادلہ کیا ہے۔ اس کے تحت کرولی کے ضلع کلکٹر کا بھی تبادلہ کر دیا گیا ہے جہاں حال ہی میں تشدد اور آتش زنی کی واردات ہوئی تھی۔
ریاستی عملہ کے محکمے نے بدھ کی شب تبادلے کے احکامات جاری کیے۔ اس کے تحت تین ڈویژنوں کے کمشنر اور پانچ اضلاع کے کلکٹر کو تبدیل کیا گیا ہے۔ٹرانسفر آرڈر کے تحت آئی اے ایس وکاس سیتارام بھلے کو جے پور، جتیندر کمار اپادھیائے کو جودھ پور اور سنورمل ورما کو بھرت پور کا نیا ڈویژنل کمشنر بنایا گیا ہے۔
نیز آئی اے ایس سوربھ سوامی کو پرتاپ گڑھ، نشانت جین کو جالور، نکتے شیو پرساد مدن کو الور، پرکاش چندر شرما کو بانسواڑہ اور انکت کمار سنگھ کو کرولی کے نئے ضلع کلکٹر کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ کرولی شہر میں 2 اپریل کو منعقدہ ایک ریلی پر پتھرائو کے بعد تشدد اور آتش زنی ہوئی تھی۔
ان تبادلوں میں گورو گوئل کو چیف منسٹر کے سکریٹری کے طور پر اور روی جین کو جے پور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے کمشنر کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ سینئر آئی اے ایس وینو گپتا، ڈاکٹر سبودھ اگروال، سدھانش پنت، شیکھر اگروال اور شریا گوہا کا نام بھی ٹرانسفر لسٹ میں شامل ہے۔



