تمل ناڈو میں انتخابی اہلکار نے راہل گاندھی کے ہیلی کاپٹر کی لی تلاشی
راہل گاندھی ہی کیوں؟ مودی- امت کے ہیلی کاپٹر کی بھی جانچ ہو: جے رام رمیش
چنئی ، 15اپریل :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)کانگریس کے سابق قومی صدر راہل گاندھی کے ہیلی کاپٹر کی انتخابی عہدیداروں نے تمل ناڈو کے نیل گیرس میں تلاشی لی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے فلائنگ اسکواڈ کے اہلکاروں نے ہیلی کاپٹر کے یہاں اترنے کے بعد اس کی تلاشی لی۔راہل گاندھی انتخابی مہم کے پروگرام میں حصہ لینے کے لیے جنوبی ہندوستان کی ریاست پہنچے تھے۔ معلومات کے مطابق راہل گاندھی کیرالہ میں اپنے پارلیمانی حلقہ وائناڈ کے لیے روانہ ہو رہے تھے۔ یہاں وہ کئی پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ وہ مسلسل دوسری بار وائناڈ سیٹ سے الیکشن لڑرہے ہیں۔
وائناڈ میں 26 اپریل کو ووٹنگ ہوگی۔اس سے ایک دن پہلے اتوار (14 اپریل) کو ترنمول کانگریس لیڈر ابھیشیک بنرجی کے ہیلی کاپٹر پر محکمہ انکم ٹیکس نے چھاپہ مارا اور تلاشی لی۔ اب ٹی ایم سی کی طرف سے اس سلسلے میں ایک کیس درج کیا جا رہا ہے اور الیکشن کمیشن میں شکایت کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔ابھیشیک بنرجی نے خود اتوار کو اپنے ایکس ہینڈل پر ایک پوسٹ میں یہ جانکاری دی۔ ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی نے بتایا کہ وہ ہیلی کاپٹر سے ہلدیہ جارہے ہیں۔
اس سے ایک دن پہلے محکمہ انکم ٹیکس کے افسران نے ہیلی کاپٹر پر بہالہ فلائنگ کلب پر چھاپہ مارا تھا۔ انہوں نے لکھا کہ آج میرے ہیلی کاپٹر اور سیکورٹی اہلکاروں کو چیک کیا گیا اور چھاپہ مارا گیا۔ لیکن، کچھ نہیں ملا۔ زمیندار اپنی پوری طاقت استعمال کر سکتے ہیں، لیکن بنگال مزاحمت جاری رکھے گا۔ساتھ ہی ترنمول کے ایم پی ڈیرک اوبرائن نے ابھیشیک بنرجی کے ٹویٹ پر لکھا کہ کیا مایوس لوگوں کو ہیلی کاپٹر پر کچھ پھل اور مچھلی کے سینڈوچ ملے؟
پارٹی کے ایک اور لیڈر ساکیت گوکھلے نے لکھا کہ مایوسی کے عالم میں پی ایم مودی اور امیت شاہ اب بے شرمی کے ساتھ انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کا استعمال کر رہے ہیں تاکہ انتخابات سے صرف 5 دن پہلے ایک امیدوار کو آزادانہ طور پر انتخابی مہم چلانے سے روکا جا سکے۔
راہل گاندھی ہی کیوں؟ مودی- امت کے ہیلی کاپٹر کی بھی جانچ ہو: جے رام رمیش
تمل ناڈو میں کانگریس کے لیڈر و ممبر پارلیمنٹ راہل گاندھی کے ہیلی کاپٹر کی چیکنگ کا معاملہ اب طول پکڑتا جا رہا ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی ہی کیوں؟ وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کے ہیلی کاپٹر کی بھی جانچ ہونی چاہیے۔ واضح رہے کہ تمل ناڈو کے نیل گری میں الیکشن کمیشن کے فلائنگ اسکواڈ نے راہل گاندھی کے ہیلی کاپٹر کی تلاشی لی ہے۔
کانگریس جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کوئی دشواری نہیں ہے لیکن الیکشن کمیشن کو وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے ہیلی کاپٹر کی بھی جانچ کرنی چاہئے۔ اس پریس کانفرنس میں جے رام رمیش نے کانگریس پارٹی کے تھیم سانگ اور 21 ریٹائرڈ ججوں کے ذریعے چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ کو تحریر کیے گئے مکتوب پر بھی جواب دیا۔
پریس کانفرنس کے دوران جے رام رمیش سے یہ سوال پوچھا گیا کہ جب پارٹی کے تھیم سانگ کے مرکز میں راہل گاندھی ہیں تو کیا کانگریس راہل گاندھی کے چہرے پر الیکشن لڑ رہی ہے؟ اس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ویڈیو کا فوٹیج بھارت جوڑو یاترا اور بھارت جوڑو نیائے یاترا کا ہے، اس لیے راہل گاندھی کی تصویریں زیادہ ہیں۔ راہل گاندھی کے ساتھ ہندوستان کے عام لوگوں کی بھی تصویریں ہیں۔12 سبکدوش ججوں کے ذریعے سی جے آئی کو خط لکھنے سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کانگریس کے راجیہ سبھا ممبر نے کہا کہ 21 ریٹائرڈ ججوں کی طرف سے لکھا گیا یہ خط اس بات کی ایک اور مثال ہے کہ کس طرح پی ایم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ سپریم کورٹ کو دھمکی دے رہے ہیں۔
سپریم کورٹ نے منی پور کی صورتحال پر سخت تبصرہ کیا تھا، بعد میں الیکٹورل بانڈ کو غیر آئینی قرار دیا گیا۔ یہ خط دراصل غیر جانبدار عدالتی نظام پر دباؤ بنانے کی کوشش ہے، یہ مودی حکومت نے کروایا ہے۔ سپریم کورٹ کو خطرہ کانگریس سے نہیں بلکہ پی ایم مودی و وزیر داخلہ سے ہے۔



