تریپورہ میں وی ایچ پی نے ریلی کے دوران مذہبی مقام پر کی توڑ پھوڑ، دکانوں کوکیا نذر آتش
اگرتلہ، 27 اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)بنگلہ دیش میں حال ہی میں درگا پوجا پنڈال میں توڑ پھوڑ کے خلاف وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کی ریلی کے دوران تشدد منظر عام پر آیا ہے۔ معلومات کے مطابق شمالی تریپورہ کے پانیساگر سب ڈویڑن میں ایک مسجد اور کچھ دکانوں میں توڑ پھوڑ کی گئی، ان کی دو دکانوں کو آگ لگا دی گئی۔
وشو ہندو پریشد کے تریپورہ اور منی پور کے رابطہ وزیر پورن چندر منڈل نے بتایا کہ بی ایچ پی کی اس ریلی کا بنیادی مقصد بنگلہ دیش میں درگا پوجا پنڈال میں ہونے والے تشدد کے خلاف احتجاج کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ احتجاجی ریلی ہے۔ بنگلہ دیش میں درگا پوجا کے بعد سے ہندو ماؤں اور بہنوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے، 30 اضلاع میں ہزاروں مندروں اور مٹھوں کو توڑ پھوڑ اور مسمار کر دیا گیا۔
اس کے خلاف ریلی نکالی گئی۔پولیس نے بتایا کہ بی ایچ پی کے کارکنان کے ایک حصے نے چمٹیلا علاقے میں ایک مسجد میں توڑ پھوڑ کی اور بعد میں کم از کم تین گھروں میں توڑ پھوڑ کی۔ معلومات کے مطابق جن مکانات اور دکانوں میں توڑ پھوڑ کی گئی وہ اقلیتی برادری کے افراد کے ہیں اور ان میں سے ایک کی شکایت پر مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔
امن و امان کی صورتحال مزید خراب ہونے سے بچنے کیلئے اطراف کے تمام حساس علاقوں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ شیکت منڈل اور ربیع الاسلام کو حال ہی میں پڑوسی ملک میں فیس بک پوسٹ کے ذریعے تشدد بھڑکانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ ان 683 افراد میں شامل ہیں جنہیں بنگلہ دیش میں پولیس نے ہندوؤں کے خلاف تشدد کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔



