مغربی بنگال میں ای ڈی ٹیم پر 300 لوگوں نے حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی
تقریباً 250-300 لوگوں نے ای ڈی کی ٹیم پر حملہ کردیا،
کولکاتہ ،5جنوری :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)تقریباً 250-300 لوگوں نے ای ڈی کی ٹیم پر حملہ کردیا، جو مغربی بنگال کے سندیش کھلی میں چھاپہ مارنے گئی تھی۔ یہاں 24 پرگنہ ضلع میں راشن گھوٹالہ معاملے میں ای ڈی کی ٹیم ترنمول لیڈر شاہجہان شیخ کے گھر پہنچی تھی۔ٹیم ابھی لیڈر شاہجہان شیخ کے گھر پہنچی ہی تھی کہ لوگوں نے ان پر حملہ کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق 200 سے 300 لوگوں نے ای ڈی کے اہلکاروں اور نیم فوجی دستوں کو گھیر لیا۔ اس دوران لوگوں نے اہلکاروں کی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ بھی کی۔ اب تک کی معلومات کے مطابق حملے میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی خبر نہیں ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس دوران ہجوم نے میڈیا کے اہلکاروں کو بھی نشانہ بنایا۔ لوگ اینٹوں اور پتھروں سے حملہ کر رہے تھے۔یہ معاملہ راشن تقسیم گھوٹالہ سے جڑا ہوا ہے۔
ای ڈی گزشتہ کئی مہینوں سے مبینہ راشن تقسیم گھوٹالہ معاملے کے سلسلے میں چھاپے مار رہی ہے۔ کچھ دن پہلے، ای ڈی نے انکشاف کیا تھا کہ مغربی بنگال میں تقریباً 30 فیصد پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم (پی ڈی ایس) راشن بازار میں فروخت ہوا تھا۔ ایجنسی نے انکشاف کیا تھا کہ راشن بیچنے کے بعد حاصل ہونے والی رقم مل مالکان اور پی ڈی ایس ڈسٹری بیوٹرز کے درمیان تقسیم کی گئی تھی۔درحقیقت، چاول مل مالکان نے کچھ کوآپریٹو سوسائٹیوں کے ساتھ مل کر کسانوں کے جعلی بینک اکاؤنٹس کھولے اور انہیں دی گئی ایم ایس پی (کم سے کم سپورٹ پرائس) کی رقم جیب میں ڈالی۔ اہم ملزمان میں سے ایک نے اعتراف کیا ہے کہ رائس مل مالکان نے تقریباً 200 روپے فی کوئنٹل کمائے تھے۔ حکومتی ادارے کسانوں سے یہ اناج خریدنے جا رہے تھے۔ ای ڈی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ کئی رائس مل مالکان برسوں سے اس گھوٹالہ کو چلا رہے ہیں۔



