
انکم ٹیکس کے قواعد میں بڑی تبدیلی: کم یا صفر TDS سرٹیفکیٹ کے لیے آن لائن درخواست جلد ممکن
نئے نظام کے تحت ٹیکس دہندگان گھر بیٹھے کم یا صفر TDS سرٹیفکیٹ کے لیے آن لائن درخواست دے سکیں گے
نئی دہلی، 10 اگست (اردو دنیا نیوز/ایجنسیز) انکم ٹیکس محکمہ کم یا صفر شرح پر ٹیکس ڈیدکشن ایٹ سورس (TDS) سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لیے الیکٹرانک درخواست کا نظام نافذ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ حکومت نے پیر کو لوک سبھا میں بتایا کہ اس سلسلے میں ضروری قواعد تیار کیے جا رہے ہیں اور انہیں جلد نوٹیفائی کیا جائے گا۔
وزارت خزانہ کے مملکتی وزیر پنکج چودھری نے ایک تحریری جواب میں بتایا کہ انکم ٹیکس ایکٹ 2025 کی دفعہ 395(1) کے تحت کم یا صفر شرح پر TDS کٹوتی کے لیے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی گنجائش موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ فنانس ایکٹ 2026 کے ذریعے ٹیکس دہندگان کو ایسے سرٹیفکیٹ کے لیے الیکٹرانک طریقے سے درخواست دینے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ تاہم درخواست منظور کرنے یا مسترد کرنے سے متعلق شرائط کے لیے قواعد ابھی تیار کیے جا رہے ہیں۔
وزیر خزانہ کے مطابق، “اس سلسلے میں ضروری قاعدہ فی الحال تیاری کے مرحلے میں ہے اور مناسب وقت پر اسے نوٹیفائی کیا جائے گا۔”
عام طور پر ٹیکس دہندہ اس وقت کم یا صفر TDS سرٹیفکیٹ کی درخواست کرتا ہے جب اس کی متوقع ٹیکس ذمہ داری اس رقم سے کم ہو جو معمول کے مطابق آمدنی سے TDS کے طور پر کاٹی جانی ہو۔ ایسے سرٹیفکیٹ کا مقصد اضافی ٹیکس کٹوتی کو روکنا اور بعد میں ریفنڈ حاصل کرنے کی ضرورت کو کم کرنا ہے۔
مجوزہ نظام کے تحت ٹیکس دہندگان ٹیکس حکام کو آن لائن درخواست دے سکیں گے۔ درخواست کی جانچ کے دوران محکمہ انکم ٹیکس کے پاس پہلے سے دستیاب معلومات، جیسے سابقہ ٹیکس ریٹرن، سالانہ انفارمیشن اسٹیٹمنٹ (AIS)، ٹیکس پیئر انفارمیشن سمری (TIS) اور فارم 26AS کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اس نظام سے خاص طور پر چھوٹے ٹیکس دہندگان کو فائدہ پہنچنے کی امید ہے، کیونکہ انہیں کاغذی دستاویزات جمع کرانے اور ٹیکس دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت کم ہو جائے گی۔ حکومت کا مقصد اس عمل کو زیادہ تیز، کاغذ سے پاک اور شفاف بنانا ہے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ نے لوک سبھا میں فیس لیس اسیسمنٹ اور اپیلوں سے متعلق اعداد و شمار بھی پیش کیے۔ ان کے مطابق محکمہ انکم ٹیکس نے مالی سال 2025-26 میں 2.24 لاکھ اپیلیں نمٹائیں، جبکہ 2023-24 میں یہ تعداد 1.11 لاکھ تھی۔
اسی طرح مالی سال 2025-26 میں 2.13 لاکھ فیس لیس اسیسمنٹ مکمل کیے گئے، جبکہ 2023-24 میں ایسے اسیسمنٹ کی تعداد 2.73 لاکھ رہی تھی۔



